پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عیش شجاع آبادی کی غزلیں — Ain Shujabadi Ghazals

عیش شجاع آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو اگر آتا نہیں اپنے خیالوں کو بھی روک (غزل)

تو اگر آتا نہیں اپنے خیالوں کو بھی روک

بس چکے ہیں جو تصور میں جمالوں کو بھی روک

یاد آتے بیتے لمحوں خوش خصالوں کی بھی روک

رات کی تنہائیوں میں آہوں نالوں کو بھی روک

رقص فرمانے لگا ہے بپھرے سانپوں کا ہجوم

سرخ چہرے پہ مچلتے کالے بالوں کو بھی روک

پہلے بھی چشماب کی جھیلوں میں اک سیلاب ہے

آسماں پر مد بھرے برفاب گالوں کو بھی روک

اشتیاق دید میں فانی ہے صحراؤں کی ریت

رہ نوردی میں ابھرتے غم کے چھالوں کو بھی روک

پھر بنائیں گے تجھے اغیار کا دریوزہ گر

ان ریا خو خوش نظر مسحور چالوں کو بھی روک

زندگی کے راستوں پر کرتے پھرتے ہیں شکار

نرگسی آنکھوں کے متوالے غزالوں کو بھی روک

سرکشی میں جرم و استبداد میں مشغول ہیں

دندناتے منچلوں کو ان رزالوں کو بھی روک

جو اڑاتے ہیں تمسخر دین کے آئین پر

آبروئے دین کی خاطر جیالوں کو بھی روک

اک نظر کا عمر بھر نہ دے سکے ہرگز جواب

امتحان عشق میں الجھے سوالوں کو بھی روک

عینؔ کرتا ہے پرستش ذات میں مستور تو

پتھروں کی بت پرستی کرنے والوں کو بھی روک

خوش بختیوں کے دل نشیں اعصاب تم تو ہو (غزل)

خوش بختیوں کے دل نشیں اعصاب تم تو ہو

حسن‌ کرم کے پیکر زرتاب تم تو ہو

پھیلی ہوئی ہیں فکر کی کرنوں کی شوخیاں

چرخ جمال و حسن کے مہتاب تم تو ہو

سوچوں کے رتجگوں پہ ہے غازہ بہار کا

رعنائیوں کی وادئ شاداب تم تو ہو

ساز و سرود عشق کے بجتے ہیں تار تار

تنہائیوں میں درد کی مضراب تم تو ہو

تازہ ہیں تیری یاد سے سانسوں کے سلسلے

ان سلسلوں کی موج ثمر یاب تم تو ہو

ہر تلخیٔ حیات کا زہراب پی گئے

جس پر جئے حلاوت نایاب تم تو ہو

رسوائیوں کے دیس میں بکتے رہے ضمیر

ناموس قوم خطۂ پنجاب تم تو ہو

پگھلا سکی نہ عبرت و غیرت کی آنچ کچھ

اف منجمد سے صورت برفاب تم تو ہو

بربط کو تھام دل کو پکڑ کر سکوں سے بیٹھ

محفل میں عینؔ واقف آداب تم تو ہو

دیکھے ہیں جو مژگاں پہ لرزتے ہوئے آنسو (نظم)

دیکھے ہیں جو مژگاں پہ لرزتے ہوئے آنسو

بلور کی صورت میں دمکتے ہوئے آنسو

دیتے ہیں پتہ گوہر نایاب کی صورت

فرقت کی سیہ رات میں بہتے ہوئے آنسو

ہوتا ہے گماں لالہ کے شعلوں پہ ہے شبنم

گرتے ہیں جو عارض پہ دمکتے ہوئے آنسو

دامن میں سمٹ آئے ہیں افلاک سے تارے

احساس کی آنکھوں سے نکلتے ہوئے آنسو

اے عیشؔ رہیں دل میں تو سرمایۂ جاں ہیں

اشرار میں پلکوں پہ لرزتے ہوئے آنسو

مزید غزلیں از عیش شجاع آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں