اشفاق رہبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غم تو تھا پھر بھی بے شمار نہ تھا (غزل)
غم تو تھا پھر بھی بے شمار نہ تھا
نیزہ سینے کے آر پار نہ تھا
میرے گرنے پہ کیوں ہے استعجاب
میں تو ویسے بھی شہسوار نہ تھا
وہ جو پھرتا تھا لے کے شیر کی کھال
اس کا مارا ہوا شکار نہ تھا
کیسے رشتے ہیں اس کی موت کے بعد
خون خود اس کا سوگوار نہ تھا
ہم بھی سیراب ہو چکے ہوتے
مطلع بخت ابر بار نہ تھا
سخت جانی رہی بہانہ ہے
تیرا خنجر ہی آب دار نہ تھا
میں لدا تھا چلا وہ چل نہ سکا
اس پہ حالانکہ کوئی ہار نہ تھا
جن لغزشوں کے دہر میں جھنڈے بلند ہیں (غزل)
جن لغزشوں کے دہر میں جھنڈے بلند ہیں
ایوان زندگی کے وہی نقشبند ہیں
بے سائیگی نے ہم کو بنایا ہے تیز گام
ہم لوگ سوکھے پیڑوں کے احسان مند ہیں
لفظوں کے قحط ہی کی نوازش کہیں اسے
تابوت ذہن میں جو خیالات بند ہیں
تو اپنا مال پہلے حریصوں میں بانٹ دے
کیا ہے ہمارا ہم تو قناعت پسند ہیں
اس قید ہی میں وسعت دونوں جہاں ملی
یہ سوچ کر ہی آج بھی ہم خود میں بند ہیں