احمد شناس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ شفق ڈوبتے سورج کی بچا لی جائے (غزل)
کچھ شفق ڈوبتے سورج کی بچا لی جائے
رنگ امکاں سے کوئی شکل بنا لی جائے
حرف مہمل سا کوئی ہاتھ پہ اس کے رکھ دو
قحط کیسا ہے کہ ہر سانس سوالی جائے
شہر ملبوس میں کیوں اتنا برہنہ رہیے
کوئی چھت یا کوئی دیوار خیالی جائے
ساتھ ہو لیتا ہے ہر شام وہی سناٹا
گھر کو جانے کی نئی راہ نکالی جائے
پھینک آنکھوں کو کسی جھیل کی گہرائی میں
بت کوئی سوچ کہ آوارہ خیالی جائے
تشنۂ زخم نہ رہنے دے بدن کو احمدؔ
ایسی تلوار سر شہر اچھالی جائے
میں فتح ذات منظر تک نہ پہنچا (غزل)
میں فتح ذات منظر تک نہ پہنچا
مرا تیشہ مرے سر تک نہ پہنچا
اسے معمار لکھا بستیوں نے
کہ جو پہلے ہی پتھر تک نہ پہنچا
تجارت دل کی دھڑکن گن رہی ہے
تعلق لطف منظر تک نہ پہنچا
شگفتہ گال تیکھے خط کا موسم
دوبارہ نخل پیکر تک نہ پہنچا
بہت چھوٹا سفر تھا زندگی کا
میں اپنے گھر کے اندر تک نہ پہنچا
یہ کیسا پیاس کا موسم ہے احمدؔ
سمندر دیدۂ تر تک نہ پہنچا