ارون کمار آریہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تقدیر ہو خراب تو تدبیر کیا کرے (غزل)
تقدیر ہو خراب تو تدبیر کیا کرے
ہاتھوں میں دم اگر نہیں شمشیر کیا کرے
مجھ کو اندھیروں میں ہی بھٹکنا ہے عمر بھر
جب آنکھ ہی نہیں ہے تو تنویر کیا کرے
آزاد ہو گیا ہے وہ دنیا کی قید سے
اس کا بلاوا آیا تو زنجیر کیا کرے
دولت ہے میرے ہاتھ میں دل کو سکوں نہیں
چین اور قرار کے لئے جاگیر کیا کرے
گم ہو گیا شکار نگاہوں کے سامنے
ٹوٹی ہو جب کمان تو پھر تیر کیا کرے
چوٹ دل پر لگے اور آہ زباں سے نکلے (غزل)
چوٹ دل پر لگے اور آہ زباں سے نکلے
درد اٹھے ہے کہاں اور کہاں سے نکلے
پیار ہے اس کو اگر مجھ سے تو انجام یہ ہو
گھر جلے میرا دھواں اس کے مکاں سے نکلے
سی لیا ہم نے تو الفت میں لبوں کو اپنے
اب کسی درد کی آواز کہاں سے نکلے
مجھ کو مرنے کا نہیں خوف تمنا یہ ہے
روح محبوب کی بانہوں میں یہاں سے نکلے
چوک آنکھوں سے ہوئی ہے یہی سچ ہے ورنہ
کوئی گھائل نہ ہو جب تیر کماں سے نکلے
ٹھوکریں کھا کے بھی سنبھلے نہ زمانے کی ہم
ہاتھ ملتے ہوئے چپ چاپ جہاں سے نکلے
ہم کو ذرہ ہی سمجھتے تھے ستارے لیکن
بن کے ہم چاند ارونؔ سارے جہاں سے نکلے