پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ساقی کی غزلیں — Ahmad Saqi Ghazals

احمد ساقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دلوں میں دوریاں اور فاصلے رکھے ہوئے ہیں (غزل)

دلوں میں دوریاں اور فاصلے رکھے ہوئے ہیں

بظاہر ہر کسی سے رابطے رکھے ہوئے ہیں

بہ نام زندگی کچھ قاعدے رکھے ہوئے ہیں

نظر نے اپنے اپنے زاویے رکھے ہوئے ہیں

بڑی تنظیم اور تدریج سے گھائل ہوا ہوں

ستم گر نے ستم کے ضابطے رکھے ہوئے ہیں

ہمارا تو یہاں پر اور مصرف ہی نہیں ہے

جہاں میں ہم تمہارے واسطے رکھے ہوئے ہیں

مجھے میرے علاوہ کچھ نظر آئے تو کیسے

مرے اطراف میں تو آئنے رکھے ہوئے ہیں

جہاں سے بھی گزرتا ہوں الجھ جاتے ہیں پاؤں

زمیں پر ہر طرف ہی دائرے رکھے ہوئے ہیں

ہمارے کل اثاثے کی کوئی قیمت تو ہوگی

جو کچھ بھی ہے تمہارے سامنے رکھے ہوئے ہیں

پہلے چپ چاپ مجھے تکتا رہا دروازہ (غزل)

پہلے چپ چاپ مجھے تکتا رہا دروازہ

جوں ہی میں جانے لگا بول پڑا دروازہ

آج تک بھول نہیں پایا میں ان تینوں کو

وہ محلہ وہ گلی اور ترا دروازہ

پہلے ہم دونوں بڑی دیر تلک ہنستے رہے

بات فرقت کی چلی رونے لگا دروازہ

اک یہی بات سمجھ میں نہیں آئی اب تک

کیوں پلٹ آیا تھا میں جب وہ کھلا دروازہ

میں جہاں دستکیں دیتا رہا دیوار تھی وہ

اور جسے سمجھا تھا دیوار وہ تھا دروازہ

جانے کس شخص نے دیوار پہ دستک دی ہے

کہ اچانک ہی وہاں پھوٹ پڑا دروازہ

یہ وہ دستک ہے کہ دروازہ جسے جانتا ہے

خود بہ خود یوں ہی نہیں کھلنے لگا دروازہ

بد حواسی کا یہ عالم تھا کہ کچھ یاد نہ تھا

اور تو اور مجھے بھول گیا دروازہ

کئی دروازے نکل آتے تھے دروازے سے

ایسے لگتا ہے کہ اب بانجھ ہوا دروازہ

ایک دن بحث چھڑی موت حقیقت کیا ہے

کچھ نے دیوار کہا کچھ نے کہا دروازہ

رائیگاں عمر کٹی کھل نہ سکا راز حیات

زندگی ختم ہوئی تب یہ کھلا دروازہ

خواب غفلت میں رہا توبہ کا آیا نہ خیال

اور جب آنکھ کھلی بند ہوا دروازہ

ضبط اتنا بھی مرے بس میں نہیں تھا احمدؔ

حبس جب حد سے بڑھا توڑ دیا دروازہ

مزید غزلیں از احمد ساقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں