پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارسلان عباس کی غزلیں — Arslan Abbas Ghazals

ارسلان عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صد خطا‌ وار ہیں لیکن یہ جسارت نہیں کی (غزل)

صد خطا‌ وار ہیں لیکن یہ جسارت نہیں کی

ہم نے خوش رہ کے ترے غم سے خیانت نہیں کی

ہم نے بے سود ترے ساتھ محبت کی ہے

اتنی بے سود کہ پانے کی بھی چاہت نہیں کی

دل کو اس صبر پہ کچھ داد تو دے کہ اس نے

تجھ کو کھو کر بھی مری جان قیامت نہیں کی

وہ جہاں زاد تھا اس نے بھی ستم کم نہ کیے

ہم جنوں زاد تھے ہم نے بھی شکایت نہیں کی

کوئی اک گھاؤ تھا جو شعر نہیں ہو پایا

کوئی اک چوٹ تھی جو دل نے عبارت نہیں کی

وہ جو اک چہرہ تھا آنکھوں کا دلاسہ عباسؔ

ہم نے اس چہرے کی عمروں سے زیارت نہیں کی

نہ ہم سخن نہ کوئی ہم گماں کدھر جائیں (غزل)

نہ ہم سخن نہ کوئی ہم گماں کدھر جائیں

بہت اداس ہیں جان جہاں کدھر جائیں

ترے سوا تو کوئی رہنما نہیں اپنا

تو ہی بتا اے غم جاوداں کدھر جائیں

تمہارے نقش سے ملتے ہیں راستے سارے

مٹا کے دل سے تمہارے نشاں کدھر جائیں

یہ تیرا در تو ہمیں آخری ٹھکانہ تھا

یہاں سے اٹھ کے ترے بے مکاں کدھر جائیں

زمانہ سارا خریدار حسن ہے عباسؔ

ہم اپنا لے کے دل رائیگاں کدھر جائیں

اداس کیوں ہو (نظم)

اداس کیوں ہو

ہمیں بتاؤ

تمہیں اداسی کی رنجشوں سے رہا کریں گے

اگرچہ ہم ایسے خاک زادوں کی دسترس میں شفا نہیں ہے

تمہارے زخموں کو بھر دے ایسی دوا نہیں ہے

مگر ہم ایسے خدا پرستوں کی دسترس میں دعائے کن ہے

تمہارے حق میں دعا کریں گے

مزید غزلیں از ارسلان عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں