پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد سفیر کی غزلیں — Ahmad Safeer Ghazals

احمد سفیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے بخش دے مرے ہم سفر تجھے چاہنا مری بھول تھی (غزل)

مجھے بخش دے مرے ہم سفر تجھے چاہنا مری بھول تھی

تجھے چاہتوں کی نہیں خبر تجھے چاہنا مری بھول تھی

تری چاہتیں نہیں چاہتیں تری چاہتیں ہیں شرارتیں

یہ شرارتیں بھی ہیں درد سر تجھے چاہنا مری بھول تھی

مجھے راستوں کا نہیں پتا مجھے منزلوں کی نہیں خبر

سو بھٹک رہا ہوں میں دربدر تجھے چاہنا مری بھول تھی

مجھے نیند آئے گی چین کی میں بھی سو سکوں گا سکون سے

مرے ذہن و دل سے ذرا اتر تجھے چاہنا مری بھول تھی

مری بات سن مرے ہمنشیں تو اگر ملے گا مجھے کہیں

تو لکھوں گا میں ترے ہاتھ پر تجھے چاہنا مری بھول تھی

مری آرزو تھی وفا تری وہی بن گئی ہے سزا مری

یہ مرا نصیب ہی تھا مگر تجھے چاہنا مری بھول تھی

سنو کچھ کر نہ پاؤگی میں جب بھی یاد آؤں گا (غزل)

سنو کچھ کر نہ پاؤگی میں جب بھی یاد آؤں گا

فقط آنسو بہاؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

چھپاتی آ رہی ہو سب سے پر اپنی سہیلی کو

مرے بارے بتاؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

نہ کوئی گیت گاؤ گی نہ کھل کے مسکراؤ گی

مگر سر کو جھکاؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

کسی کی یاد میں خود کو بھلانا ٹھیک ہے لیکن

خدا کو بھول جاؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

تمہارے یار کی تصویریں اچھی ہیں مگر پھر بھی

مری ڈی پی لگاؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

تری صورت بناتا ہوں کہ جب تم یاد آتی ہو

مگر تم منہ بناؤ گی میں جب بھی یاد آؤں گا

یہ مانا جسم دو ہیں ہم مگر اک جان ہے جاناں

مجھے بھی یاد آؤگی میں جب بھی یاد آؤں گا

مزید غزلیں از احمد سفیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں