پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشد صدیقی کی غزلیں — Arshad Siddiqui Ghazals

ارشد صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب آنکھوں میں نہیں دل میں تمنا بھی نہیں (غزل)

خواب آنکھوں میں نہیں دل میں تمنا بھی نہیں

عشق مایوس ہوا ہو مگر ایسا بھی نہیں

ان کی الفت میں اٹھائے ہیں ہزاروں الزام

آج تک آنکھ اٹھا کر جنہیں دیکھا بھی نہیں

راہ ہستی میں نگاہیں تو بھٹک سکتی ہیں

دل بھٹک جائے مگر اتنا اندھیرا بھی نہیں

بڑھ کے آئے تھے کئی غم پئے تسکیں لیکن

غم دوراں کے مقابل کوئی ٹھہرا بھی نہیں

شرم اے بادہ گساروں کہ بھری محفل میں

بڑھ کے خود جام اٹھا لے کوئی ایسا بھی نہیں

کیا تماشا ہے کہ آئے ہیں تسلی دینے

وہ جنہیں درد شناسی کا سلیقہ بھی نہیں

ہر نظر سطح تبسم پہ ٹھہر جاتی ہے

کیا زمانے میں کوئی غم کا شناسا بھی نہیں

لاکھ نازک سہی امید کا رشتہ لیکن

دل کو احساس کی توہین گوارا بھی نہیں

زندگی کو نئے خوابوں سے سجا کر لاؤ

یہ تبسم تو مرے غم کا مداوا بھی نہیں

حادثے ہو چکے ارشدؔ غم الفت کے تمام

اب تو شاید دل مایوس تڑپتا بھی نہیں

نہ پیام چاہتے ہیں نہ کلام چاہتے ہیں (غزل)

نہ پیام چاہتے ہیں نہ کلام چاہتے ہیں

مری رات کے اندھیرے ترا نام چاہتے ہیں

جو جگر کو خاک کر دے جو دماغ پھونک ڈالے

مرے پیاسے ہونٹ ایسا کوئی جام چاہتے ہیں

وہ ہو شغل بادہ نوشی کہ طواف کوئے جاناں

غم زندگی کے مارے کوئی کام چاہتے ہیں

ہمیں مٹ کے بھی یہ حسرت کہ بھٹکتے اس گلی میں

وہ ہیں کیسے لوگ یا رب جو قیام چاہتے ہیں

تری یاد تیری آہٹ ترا چہرہ تیرا وعدہ

کوئی شمع ہو مگر ہم سر شام چاہتے ہیں

ہم اسی لیے ہیں ارشدؔ ابھی تشنہ مسرت

کہ جو ان لبوں سے چھلکے وہی جام چاہتے ہیں

مزید غزلیں از ارشد صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں