احمد نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس طرح دھڑکتا ہے کوئی دل مرے دل میں (غزل)
اس طرح دھڑکتا ہے کوئی دل مرے دل میں
ہو جیسے مرا مد مقابل مرے دل میں
ہاتھوں سے ترے غم کا سرا چھوٹ رہا ہے
یا ڈوب رہا ہے کوئی ساحل مرے دل میں
رہنا تھا مرے دل میں کسی غنچہ دہن کو
اور بس گیا اک شور سلاسل مرے دل میں
لپٹے رہے اک چاند کے دامن سے کنائے
اک درد سے ہوتی رہی جھلمل مرے دل میں
اک عشق تھا اب راکھ ہوا خود نگری میں
اب کچھ بھی نہیں ہے ترے قابل مرے دل میں
کچھ دن سے مرا حال عجب ہے کہ رفیقو
آنسو بھی ٹھہرتا ہے بہ مشکل مرے دل میں
قدم کے ساتھ عجب اک قدم لگا ہے میاں (غزل)
قدم کے ساتھ عجب اک قدم لگا ہے میاں
مرے وجود کے پیچھے عدم لگا ہے میاں
بجا کہ ایک ہے گریے میں گریۂ یعقوب
مجھے تو دامن یوسف بھی نم لگا ہے میاں
کچھ اور چاہئے وسعت اسے بہ قدر نظر
یہ آئینہ مری حیرت کو کم لگا ہے میاں
گر آئینے کو لگے وہ بھی زنگ ہو جائے
وہ روگ ہم کو خدا کی قسم لگا ہے میاں
تمہی بتاؤ کہ ہم کیا کریں بجز سجدہ
تمہیں خدا تو ہمیں وہ صنم لگا ہے میاں