ارشد محمود ارشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرتے ہوئے وجود کی حسرت تمام شد (غزل)
مرتے ہوئے وجود کی حسرت تمام شد
سانسوں سے لپٹی آخری چاہت تمام شد
دست قضا بڑھا ہے مری سمت الوداع
اے اعتکاف عشق عبادت تمام شد
ساقی تمہارے مدھ بھرے ہونٹوں کا شکریہ
بادہ کشی کی ساری حلاوت تمام شد
ٹوٹی ہے آج سانس کی ڈوری تو یوں ہوا
ان دیکھی منزلوں کی مسافت تمام شد
بجھتے ہوئے چراغ کی صورت ہوا ہوں میں
اک خوبرو وجود کی طاقت تمام شد
اے بارگاہ حسن کوئی فیصلہ تو کر
اس نا مراد عشق کی حجت تمام شد
ارشدؔ مجھے تو غیب سے آتی ہے اب صدا
ابن تراب اب تری مہلت تمام شد
میں نے اک خواب کیا سنا ڈالا (غزل)
میں نے اک خواب کیا سنا ڈالا
بھائیوں نے کنویں میں جا ڈالا
یار تم بھی عجب مداری ہو
سانپ رسی کو ہے بنا ڈالا
ایسی چائے کبھی نہ پی میں نے
سچ بتا تو نے اس میں کیا ڈالا
آنکھ بھر کے جب اس نے دیکھا تو
زرد موسم میں دل کھلا ڈالا
بس وہ نیکی ثواب بنتی ہے
دوش دریا جسے بہا ڈالا
میں کہیں لاپتہ نہ ہوں جاؤں
تو نے کس کھوج میں لگا ڈالا
کوئی سمجھے گا یا نہیں ارشدؔ
جو سنانا تھا وہ سنا ڈالا
بنایا ہے مصور نے حسیں شہکار عورت کو (نظم)
بنایا ہے مصور نے حسیں شہکار عورت کو
الگ پہچان دیتا ہے کہانی کار عورت کو
وہ ماں ہو بہن بیوی یا کہ بیٹی ہو سنو لوگو
ہر اک کردار میں رکھا گیا غم خوار عورت کو
یہی سچ مچ بنا دے گی ترے گھر کو حسیں جنت
ذرا تم پیار سے کرنا کبھی سرشار عورت کو
پھر اک دن ان کی قسمت میں لکھی جاتی ہے رسوائی
زمانے میں سمجھتے ہیں جو کاروبار عورت کو
اسی کا روپ دھارے پھر رہی ہیں کچھ چڑیلیں بھی
میں عورت ہی نہیں کہتا کسی مکار عورت کو
سلام ان عورتوں پر جو کہ مائیں ہیں شہیدوں کی
سلامی پیش کرتا ہوں میں سو سو بار عورت کو
مجھے اس وقت ارشدؔ کیوں مری ماں یاد آتی ہے
کسی کٹیا میں دیکھوں جب کسی لاچار عورت کو