ارشد لطیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم وہ پنچھی جن کے گھر سے دور بسیرے ہوتے ہیں (غزل)
ہم وہ پنچھی جن کے گھر سے دور بسیرے ہوتے ہیں
رات کو خواب خیال کے لشکر دل کو گھیرے ہوتے ہیں
سوچ سوچ کر مر جاتی ہیں خوابوں کی تعبیریں بھی
خواب جو تیرے ہوتے ہیں اور خواب جو میرے ہوتے ہیں
عشق کا حاصل کچھ بھی ہو اک نسبت بھی کیا کم شے ہے
کچھ ناں کچھ تو ہوتے ہیں جو بال بکھیرے ہوتے ہیں
دل کی شمعیں جلنے دو ان آنکھوں کو روشن کر لو
کہتے ہیں دل جلتے ہیں تو دور اندھیرے ہوتے ہیں
قسمت لکھتی جاتی ہے ہم اس کو پڑھتے جاتے ہیں
ارشدؔ اب تو یادوں ہی میں گھر کے پھیرے ہوتے ہیں
محبت صرف اک جذبہ نہیں ہے (غزل)
محبت صرف اک جذبہ نہیں ہے
نظر آتا ہے جو ویسا نہیں ہے
سبھی تعبیر اس کی لکھ رہے ہیں
کسی نے بھی اسے دیکھا نہیں ہے
کسی کھائی میں وہ بھی جا گرا ہے
جو تیری راہ سے گزرا نہیں ہے
نہ کر سینے کے آتش دان ٹھنڈے
بجھا دل پھر کبھی جلتا نہیں ہے
چلو باہر سے ہو کر لوٹ آئیں
کئی دن سے کوئی آیا نہیں ہے
نظر مہتاب سے ٹکرا گئی ہے
تو کیا آگے کوئی رستہ نہیں ہے
خلا کا مسئلہ ہی مختلف ہے
سمندر اس قدر گہرا نہیں ہے
قیامت آ رہی ہے جا رہی ہے
مگر یہ آسماں ٹوٹا نہیں ہے