پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد کمال حشمی کی غزلیں — Ahmad Kamal Hashmi Ghazals

احمد کمال حشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آہ بھرتا ہوں تو بھرنے بھی نہیں دیتا ہے (غزل)

آہ بھرتا ہوں تو بھرنے بھی نہیں دیتا ہے

اور وہ خاموشی سے مرنے بھی نہیں دیتا ہے

ناخدا کشتی کو ساحل سے لگاتا بھی نہیں

بیچ دریا میں اترنے بھی نہیں دیتا ہے

دوسرا زخم لگا دیتا ہے دل پر میرے

پہلے کو ٹھیک سے بھرنے بھی نہیں دیتا ہے

میرے آنسوؤں سے وہ سنگ پگھلتا بھی نہیں

سر پٹک کر مجھے مرنے بھی نہیں دیتا ہے

باز آتا بھی نہیں ضرب لگانے سے وہ

ٹوٹ کر مجھ کو بکھرنے بھی نہیں دیتا ہے

میرے سپنوں کو وہ سچ بھی نہیں ہونے دیتا

مگر امید کو مرنے بھی نہیں دیتا ہے

آئنے کو مرے چہرے سے شکایت ہے بہت

آئنہ مجھ کو سنورنے بھی نہیں دیتا ہے

اس کی محفل میں پہنچنے کی تمنا مت کر

وہ تو کوچے سے گزرنے بھی نہیں دیتا ہے

وہ بجھ گیا تو اندھیروں کو بھی ملال رہا (غزل)

وہ بجھ گیا تو اندھیروں کو بھی ملال رہا

وہ اک چراغ جو جلنے میں بھی بے مثال رہا

کبھی بھلا نہ سکا دل شکستگی اپنی

جڑا تو جڑ کے بھی اس آئنے میں بال رہا

مری حیات نے حاتم بنا دیا مجھ کو

ہر اک سوال کے بعد اک نیا سوال رہا

ہمیشہ میں نے بھی ناکامیوں سے کام لیا

تمام عمر مرا میرؔ جیسا حال رہا

تمہارے بعد کسی سے فریب کھایا نہیں

تمہارا مجھ سے بچھڑنا بھی نیک فال رہا

غموں کو حاوی نہ ہونے دیا کبھی دل پر

شب فراق بھی ذکر شب وصال رہا

کہاں حرم ہے کدھر کعبہ ہے کدھر رخ ہے

نماز عشق میں اس کا کہاں خیال رہا

غزل اسی کی تھی حاوی تمام غزلوں پر

وہاں بھی رونق بزم سخن کمالؔ رہا

اب کے سوچا ہے کہ یہ بات بتا دوں اس کو (نظم)

اب کے سوچا ہے کہ یہ بات بتا دوں اس کو

اس سے بے طرح مرے دل کو محبت ہی سہی

وہ مرے جسم مری جان کی راحت ہی سہی

اس کے بن رہنا ہے مشکل یہ حقیقت ہی سہی

اس سے وابستہ خیالات کی جنت ہی سہی

اس کی آہٹ پہ ٹکی میری سماعت ہی سہی

وہی ایمان وہی میری شریعت ہی سہی

یاد اس کی مری نظروں میں عبادت ہی سہی

وہی ہر لمحہ ہر اک پل کی ضرورت ہی سہی

میں اگر چاہوں تو اک روز بھلا دوں گا اسے

اس کے پندار آنا کی یوں سزا دوں گا اسے

مزید غزلیں از احمد کمال حشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں