پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد حسین مجاہد کی غزلیں — Ahmad Husain Mujahid Ghazals

احمد حسین مجاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگر ہوں گویا تو پھر بے تکان بولتے ہیں (غزل)

اگر ہوں گویا تو پھر بے تکان بولتے ہیں

مگر یہ لوگ لہو کی زبان بولتے ہیں

زمیں جو پاؤں کے نیچے ہے اس کا مالک ہوں

پہ میرے نام پہ کتنے لگان بولتے ہیں

چھپا نہ قتل مرا احتیاط کے با وصف

جو اس نے چھوڑے نہیں وہ نشان بولتے ہیں

زمیں پہ جب کوئی مظلوم آہ بھرتا ہے

ستارے ٹوٹتے ہیں آسمان بولتے ہیں

چھپائے چھپتے نہیں حادثے جو گزرے ہوں

مکین چپ ہوں تو احمدؔ مکان بولتے ہیں

ہوں کہ جب تک ہے کسی نے معتبر رکھا ہوا (غزل)

ہوں کہ جب تک ہے کسی نے معتبر رکھا ہوا

ورنہ وہ ہے باندھ کر رخت سفر رکھا ہوا

مجھ کو میرے سب شہیدوں کے تقدس کی قسم

ایک طعنہ ہے مجھے شانوں پہ سر رکھا ہوا

میرے بوجھل پاؤں گھنگھرو باندھ کر ہلکے ہوئے

سوچنے سے کیا نکلتا دل میں ڈر رکھا ہوا

اک نئی منزل کی دھن میں دفعتاً سرکا لیا

اس نے اپنا پاؤں میرے پاؤں پر رکھا ہوا

تو ہی دنیا کو سمجھ پروردۂ دنیا ہے تو

میں یونہی اچھا ہوں سب سے بے خبر رکھا ہوا

مزید غزلیں از احمد حسین مجاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں