پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارمان اکبرآبادی کی غزلیں — Arman Akbarabadi Ghazals

ارمان اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اجڑا اجڑا شہر تمنا کیسے اسے آباد کریں (غزل)

اجڑا اجڑا شہر تمنا کیسے اسے آباد کریں

تم ہی قاتل تم ہی عادل ہم کس سے فریاد کریں

امن و اخوت اپنا مسلک مہر و وفا ہے اپنا دین

اپنا تو یہ کام نہیں ہے ظلم و استبداد کریں

خوش فہمی کی پتواروں سے کشتی کھینا کیا معنی

کچھ سوچیں کچھ راہ نکالیں وقت نہ یوں برباد کریں

اہل جنوں نے جس بستی کو تاراج و پامال کیا

اہل محبت آؤ مل کر پھر اس کو آباد کریں

جھوٹے ہیں سب رشتے ناطے کوئی کسی کا میت نہیں

کس کس کا ارمان کریں ہم کس کس کو ہم یاد کریں

ہجر کی راتیں کیسے کاٹیں پوچھو ہجر کے ماروں سے (غزل)

ہجر کی راتیں کیسے کاٹیں پوچھو ہجر کے ماروں سے

پلکوں پلکوں اشک سجائے باتیں کیں دیواروں سے

جیون نیا جوجھ رہی ہے ظلم کے بہتے دھاروں سے

ہم نے کیا کیا درد سمیٹے روزانہ اخباروں سے

آنگن آنگن پھول کھلیں گے پیار کی خوشبو مہکے گی

امن کا پرچم ہاتھوں میں لیں کام نہ لیں تلواروں سے

نظم زمانہ درہم و برہم اب تو ایسا لگتا ہے

راہزنوں کا خوف ہے کم کم ڈر ہے پہرے داروں سے

جہد‌ و عمل کا دامن تھامیں عزم کا پرچم لہرائیں

کشتی پار نہیں لگتی ہے باتوں کی پتواروں سے

یارو جسم کی خوش پوشی سے تزئین و توقیر نہیں

دل کو بھی تو روشن کیجے پاکیزہ افکاروں سے

میرے وطن کی مٹی میں بھی یارو کتنی خوبی ہے

سوندھی سوندھی خوشبو مہکے بارش کی بوچھاروں سے

چاند نکلا ہے بہ انداز دگر آج کی شام (نظم)

چاند نکلا ہے بہ انداز دگر آج کی شام

بارش نور ہے تا حد نظر آج کی شام

زندگی نور کی آغوش میں ہے جلوہ نما

کتنا مسرور ہے ہر ایک بشر آج کی شام

یوں تو ہوتی ہے حقیقت میں ہر اک شام حسیں

رحمتوں برکتوں والی ہے مگر آج کی شام

مثل خورشید جبینوں پہ ہیں سجدوں کے نشاں

قلب مومن ہوا مانند قمر آج کی شام

ہیں ضیا بار محبت کے سبھی نقش و نگار

دل کی دنیا ہے بہاروں کا نگر آج کی شام

صورت کاہکشاں ہو گئی ہر راہ گزر

ذرہ ذرہ نظر آتا ہے گہر آج کی شام

اہل زر ہی نہیں مفلس بھی ہیں شاداں شاداں

غم نصیبوں کو ملا غم سے مفر آج کی شام

گلشن دل میں مہکتے ہیں مسرت کے گلاب

لے کے آئی ہے محبت کی سحر آج کی شام

نازش رنگ بہاراں ہے ہر اک نظارہ

کتنا رنگین ہے انداز نظر آج کی شام

مزید غزلیں از ارمان اکبرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں