احمد ہمدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ اس کو یاد کروں اس کا انتظار کروں (غزل)
کچھ اس کو یاد کروں اس کا انتظار کروں
بہت سکوت ہے میں خود کو بے قرار کروں
بھروں میں رنگ نئے مضمحل تمنا میں
اداس رات کو آسودۂ بہار کروں
کچھ اور چاہ بڑھاؤں کچھ اور درد سہوں
جو مجھ سے دور ہے یوں اس کو ہم کنار کروں
وفا کے نام پہ کیا کیا جفائیں ہوتی رہیں
میں ہر لباس جفا آج تار تار کروں
وہ میری راہ میں کانٹے بچھائے میں لیکن
اسی کو پیار کروں اس پہ اعتبار کروں
یہ میرے خواب مری زندگی کا سرمایہ
نہ کیوں یہ خواب بھی میں آج نذر یار کروں
یہ وفائیں ساری دھوکے پھر یہ دھوکے بھی کہاں (غزل)
یہ وفائیں ساری دھوکے پھر یہ دھوکے بھی کہاں
چند دن کی بات ہے پھر لوگ ہم سے بھی کہاں
تم کو آنا تھا نہ آئے وقت لیکن کٹ گیا
مضمحل ہوتے ہو کیوں ہم رات روئے بھی کہاں
پیڑ یہ سوکھے ہوئے کچھ یہ زمیں تپتی ہوئی
چلتے چلتے آج ٹھہرے ہم تو ٹھہرے بھی کہاں
آج تو وہ دیر تک بیٹھے رہے خاموش سے
رفتہ رفتہ بن کہے حالات پہنچے بھی کہاں
چند یادیں چند آنسو چند شکوے اور عمر
عشق تو کیا تھا مگر اب یہ سلیقے بھی کہاں
دل لہو ہوتا ہے یارو بات یہ آساں نہیں
لحظہ لحظہ روتے گزری اور روئے بھی کہاں