پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارفہ شہزاد کی غزلیں — Arifa Shahzad Ghazals

عارفہ شہزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ عادت ہے تو عادت سے کنارے ہو بھی سکتا ہے (غزل)

وہ عادت ہے تو عادت سے کنارے ہو بھی سکتا ہے

مگر اس ساری کوشش میں خسارہ ہو بھی سکتا ہے

رہیں گے ساتھ پھر بھی ہم محبت مر گئی کیا غم

کہ مصنوعی تنفس پر گزارا ہو بھی سکتا ہے

اگر آنکھیں نہ بھر آئیں تو دل مٹھی میں آئے گا

ہوا ہے حال جو میرا تمہارا ہو بھی سکتا ہے

کھلی آنکھوں میں ٹھہرا خواب کیسے ٹوٹ سکتا ہے

گماں یہ زندگی بھر کا سہارا ہو بھی سکتا ہے

جو اتنی جگمگاہٹ دیکھتے ہو آس پاس اپنے

یہ میری آنکھ سے ٹوٹا ستارہ ہو بھی سکتا ہے

ہمیں حیرت سے مت دیکھو اب ایسا کیا کیا ہم نے

زمینی عشق ہے صاحب دوبارہ ہو بھی سکتا ہے

طعن طنز آوازے سن رہے ہو اب بولو (غزل)

طعن طنز آوازے سن رہے ہو اب بولو

بولنے کے خمیازے سن رہے ہو اب بولو

بات بس ذرا سی تھی بات ہی تو کی تم سے

شہر بھر کے آوازے سن رہے ہو اب بولو

سر پھری ہواؤں میں گھر سے کیوں نکل آئے

بج رہے ہیں دروازے سن رہے ہو اب بولو

جس کے جی میں جو آئے مشورے تو دے گا نا

مشورے نئے تازے سن رہے ہو اب بولو

دل کے اس تعلق میں اب بدن کہاں جائے

خواہشوں کے آوازے سن رہے ہو اب بولو

قفل کوئی کھنکا ہے ساز ہیں کواڑوں کے

دل کے اک دھڑکنے کی اتنی ساری تاویلیں

سب غلط ہیں اندازے سن رہے ہو اب بولو

ایک دن منایا جانا چاہیے (نظم)

ایک دن منایا جانا چاہیے

میرا بھی

سانس کی بے آواز لہروں پر

تیرتی زندگی کے ساتھ

بے نشان ساحلوں پر

بکھری سیپیوں کے ہم راہ

سرد موسموں میں

کوچ کر جانے والے پرندوں کے سنگ

انجان سر زمینوں پر

کسی ان دیکھے رنگ کے

پھول کی پتیوں سے پھوٹتی

پر اسرار خوشبو کے بازووں میں

تم مناتے ہو مدر ڈے

اور حصار میں رہتے ہو

مامتا کے نور کے

تم مناتے ہو فادر ڈے

اور گھنے درختوں کی چھاؤں

محسوس کرتے ہو

تم مناتے ہو ویلنٹائن ڈے

اور اپنی محبوبہ کے سامنے

سرخ رو ٹھہرتے ہو

تمہارا دل طواف کرتا رہتا ہے

بے پایاں محبتوں کا

اور تم محبت کا ہر دن مناتے ہو

دکانیں سج جاتی ہیں

رنگ برنگے پھولوں سے

چاکلیٹ اور کیک کی مٹھاس سے

قیمتیں مختلف سہی

مگر اظہار کی سکت

تمہاری قوت خرید میں رہتی ہے

میں تمہارے باپ کی محبت کا

ہر رنگ

ہر ذائقہ جانتی ہوں

مجھے معلوم ہے

تم یہ دن منا سکتے ہو

مگر یہ دن

سارے دنوں میں سرایت کر گیا ہے

تم اسے نہیں ڈھونڈ سکتے

کوئی ایک دن مختص بھی کر دو

تو اس کا عنوان

تمہارے اظہار کی سکت سے باہر ہے

مزید غزلیں از عارفہ شہزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں