عارف شفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو اپنی خواہشوں میں تو نے کچھ کمی کر لی (غزل)
جو اپنی خواہشوں میں تو نے کچھ کمی کر لی
تو پھر یہ جان کہ تو نے پیمبری کر لی
تجھے میں زندگی اپنی سمجھ رہا تھا مگر
ترے بغیر بسر میں نے زندگی کر لی
پہنچ گیا ہوں میں منزل پہ گردش دوراں
ٹھہر بھی جا کہ بہت تو نے رہبری کر لی
جو میرے گاؤں کے کھیتوں میں بھوک اگنے لگی
مرے کسانوں نے شہروں میں نوکری کر لی
جو سچی بات تھی وہ میں نے برملا کہہ دی
یوں اپنے دوستوں سے میں نے دشمنی کر لی
مشینی عہد میں احساس زندگی بن کر
دکھی دلوں کے لیے میں نے شاعری کر لی
غریب شہر تو فاقے سے مر گیا عارفؔ
امیر شہر نے ہیرے سے خودکشی کر لی
تو زمیں پر ہے کہکشاں جیسا (غزل)
تو زمیں پر ہے کہکشاں جیسا
میں کسی قبر کے نشاں جیسا
میں نے ہر حال میں کیا ہے شکر
اس نے رکھا مجھے جہاں جیسا
ہو گئی وہ بہن بھی اب رخصت
پیار جس نے دیا تھا ماں جیسا
فاصلہ کیوں دلوں میں آیا ہے
گھر کے آنگن کے درمیاں جیسا
میرے دل کو ملا نہ لفظ کوئی
میرے اشکوں کے ترجماں جیسا
میرے اک شعر میں سمایا ہے
کرب صدیوں کی داستاں جیسا
شہر میں ایک مجھ کو دکھلا دو
تم مرے گاؤں کے جواں جیسا
جھیل سی ان اداس آنکھوں میں
عکس تھا نیلے آسماں جیسا
مجھ کو ویسا خدا ملا بالکل
میں نے عارفؔ کیا گماں جیسا