احمد فرید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب سے اک چاند کی چاہت میں ستارا ہوا ہوں (غزل)
جب سے اک چاند کی چاہت میں ستارا ہوا ہوں
شہر شب زاد کی آنکھوں کا سہارا ہوا ہوں
اے مرے درد کے دریا کی روانی مجھے دیکھ
میں ترے قرب سے کٹ کٹ کے کنارہ ہوا ہوں
زندگی! تجھ سا منافق بھی کوئی کیا ہوگا
تیرا شہکار ہوں اور تیرا ہی مارا ہوا ہوں
بجھ گئے جب مرے سب خواب و چراغ و مہتاب
شہر ظلمت کو میں تب جا کے گوارا ہوا ہوں
سامنے پھر مرے اپنے ہیں سو میں جانتا ہوں
جیت بھی جاؤں تو یہ جنگ میں ہارا ہوا ہوں
زخم گنتا ہوں شب ہجر میں اور سوچتا ہوں
میں تو اپنا بھی نہ تھا کیسے تمہارا ہوا ہوں
میں پیمبر ہوں نہ ہو سکتا ہوں پھر بھی احمدؔ
ایسا لگتا ہے سر خاک اتارا ہوا ہوں
دن سے بچھڑی ہوئی بارات لیے پھرتی ہے (غزل)
دن سے بچھڑی ہوئی بارات لیے پھرتی ہے
چاند تاروں کو کہاں رات لیے پھرتی ہے
یہ کہیں اس کے مظالم کا مداوا ہی نہ ہو
یہ جو پتوں کو ہوا ساتھ لیے پھرتی ہے
چلتے چلتے ہی سہی بات تو کر لی جائے
ہم کو دنیا میں یہی بات لیے پھرتی ہے
لمحہ لمحہ تری فرقت میں پگھلتی ہوئی عمر
گرمی شوق ملاقات لیے پھرتی ہے
ورنہ ہم شہر گل آزار میں کب آتے تھے
یہ تو ہم کو بھری برسات لیے پھرتی ہے
جس طرف سے میں گزرتا بھی نہیں تھا پہلے
اب وہیں گردش حالات لیے پھرتی ہے