پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف ندوی کی غزلیں — Arif Nadwi Ghazals

عارف ندوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہے حسن سو حجاب فروزاں لئے ہوئے (غزل)

ہے حسن سو حجاب فروزاں لئے ہوئے

کیا دیکھے کوئی دیدۂ حیراں لئے ہوئے

لطف قبول حسن کا ارماں لئے ہوئے

حاضر ہیں ہم متاع دل و جاں لئے ہوئے

دام قفس کا دوش پہ ساماں لئے ہوئے

صیاد اٹھے نوید بہاراں لئے ہوئے

کیا کہیے بحر شوق کی ہنگامہ خیزیاں

ہے موج موج شورش طوفاں لئے ہوئے

الجھا ہوا ہے زلف تصور کا بال بال

ہر خواب ہے خیال پریشاں لئے ہوئے

عالم تمام ظلمت نو سے ہے تیرہ جاں

بیٹھے ہو شمع تم تہ داماں لئے ہوئے

وہ سورما کریں گے کوئی معرکہ بھی سر

آئے جو رن میں قلب حراساں لئے ہوئے

عارفؔ پیام عام محبت ترا پیام

انساں کے پاس جا غم انساں لئے ہوئے

خبر پہنچی انہیں بھی کب بہار حشر ساماں کی (غزل)

خبر پہنچی انہیں بھی کب بہار حشر ساماں کی

فضا میں دھجیاں جب اڑ چکیں جیب و گریباں کی

انہیں الجھا دیا کتنا کسی کے دست وحشت نے

پریشانی پتہ دیتی ہے یہ زلف پریشاں کی

وہ حسن آفت دیں اب نئی سج دھج سے نکلا ہے

الٰہی خیر تقویٰ کی الٰہی خیر ایماں کی

نہ پہنچا ان کے دامن تک تو مل جائے گا مٹی میں

الٰہی آبرو رکھ لے سرشک چشم گریاں کی

مذاق نرم ہو کچھ بھی اسے اپنی ہی دھن پیاری

بھلا اس دور میں کیا قدر ہو ایسے غزل خواں کی

الجھتے ہیں اگر کانٹے تو عارفؔ تم الجھنے دو

جنوں میں فکر ہی کیوں ہو قبا کے جیب و داماں کی

مزید غزلیں از عارف ندوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں