پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد فقیہ کی غزلیں — Ahmad Faqih Ghazals

احمد فقیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چارہ گروں نے باندھ دیا مجھ کو بخت سے (غزل)

چارہ گروں نے باندھ دیا مجھ کو بخت سے

چھاؤں ملی نہ مجھ کو دعا کے درخت سے

بیٹھا تھا میں حصار فلک میں زمین پر

دشمن نے فتح کھینچ لی میری شکست سے

میں بھی تو تھا فریفتہ خود اپنے آپ پر

شکوہ کروں میں کیا دل نرگس پرست سے

گریہ کی سلطنت مجھے دے گی شکست کیا

چھینی ہے میں نے زندگی پانی کے تخت سے

حرف دعا پہ گوش بر آواز ہو وہ کیوں

دل سے کلام ہوتا ہے مستوں کے مست سے

حمد و ثنا سخن کا نہیں دل کا ہے ریاض

کیسے ثنا کروں میں دل لخت لخت سے

اہل خرد اسے نہ سمجھ پائیں گے فقیہؔ

کچھ مسئلے ہیں ماورا فتح و شکست سے

وقت کے ہر اک نقش کا معنی اتنا بدلا بدلا ہوگا (غزل)

وقت کے ہر اک نقش کا معنی اتنا بدلا بدلا ہوگا

میرے وہم و گمان میں کب تھا عشق کا منظر ایسا ہوگا

آج مجھے اپنی آنکھوں سے اس کے قرب کی خوشبو آئی

میری نظر سے اس نے شاید اپنے آپ کو دیکھا ہوگا

لمس کے اس کورے تالاب میں چاند کا پہلا عکس تمہی ہو

کیسے نور جہانی سر میں کس کس سے وہ کہتا ہوگا

صبح سنہری کیوں ہے اتنی شام میں اتنی لالی کیوں ہے

وقت نے شاید تیری آنکھ کی شبنم سے منہ دھویا ہوگا

آج میں آئینے میں اپنی صورت تک پہچان نہ پایا

سوچ رہا ہوں مجھ سے زیادہ کون اس شہر میں تنہا ہوگا

چھوڑ فقیہؔ یہ ہونی کا سر انہونی کی تان لگاؤ

ہونی میں ہے کوئی ہنر کیا ہونی کو تو ہونا ہوگا

مزید غزلیں از احمد فقیہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں