پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف اشتیاق کی غزلیں — Arif Ishtiaque Ghazals

عارف اشتیاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ میرے شہر میں آیا ہوا ہے (غزل)

وہ میرے شہر میں آیا ہوا ہے

کڑکتی دھوپ میں سایا ہوا ہے

تمہارے پیار میں ٹوٹا ہوا دل

کسی کے حسن پہ آیا ہوا ہے

دل برباد کو تیرے سبب سے

نئی الفت میں الجھایا ہوا ہے

محبت نے مرے سے تند خو کو

سر بازار کھنچوایا ہوا ہے

مجھے ملنے کو اس نے تنگ کرتا

بطور خاص سلوایا ہوا ہے

ندامت سخت ہے پر ہے خوشی بھی

اسے خلوت میں بلوایا ہوا ہے

میں اب اکتا گیا ہوں فرقتوں سے (غزل)

میں اب اکتا گیا ہوں فرقتوں سے

نکالوں کس طرح تجھ کو رگوں سے

جدائی تاک میں بیٹھی ہوئی تھی

محبت کر رہے تھے مشوروں سے

تجھے میں نے مجھے تو نے گنوایا

مگر اب فائدہ ان تذکروں سے

دعائیں ہو گئیں نا رد تمہاری

میں قائل ہی نہیں ہوں فلسفوں سے

مرے سب حوصلے مارے گئے ہیں

تمہاری کم سنی کے فیصلوں سے

تمہاری یاد خونی ہے مری بھی

لڑیں ہم کس طرح ان بھیڑیوں سے

وہ وحشت ہے کہ ہے وہ سوگ برپا

میں ہنستا تک نہیں ہوں قہقہوں سے

تمہارے غم کہ جاں کو آ گئے ہیں

نہیں شاید مگر ہاں کچھ دنوں سے

ہمارے بیچ اک دیوار ہے اب

اسے اونچا کریں گے نفرتوں سے

تمہیں پیار ہے، تو یقین دو، (نظم)

تمہیں پیار ہے، تو یقین دو،

مجھے نہ کہو، تمہیں پیار ہے، مجھے دیکھنے کی نہ ضد کرو،

تمہیں فکر ہو، مرے حال کی،

کوئی گفتگو ہو ملال کی،

جو خیال ہو، نہ کیا کرو،

نہ کہا کرو مری فکر ہے

میں عزیز تر ہوں جہان سے

یا ایمان سے، نہ کہا کرو،

نہ لکھا کرو مجھے ورق پر، کسی فرش پر،

نہ اداس ہو، نہ ہی خوش رہو

مجھے سوچ کر، یا کھروچ کر، میری یاد کو نہ آواز دو،

مجھے خط میں لکھ کے خداؤں کا نہ دو واسطہ

تمہیں پیار میں نہ قرار ہے، مجھے اس زباں کا یقین نہیں

کچھ اور ہو، جو سنا نہ ہو، جو کہا نہ ہو، جو لکھا نہ ہو

تو یقین ہو!

رکو اور تھوڑا سا ضبط لو، مجھے سوچ لینے کو وقت دو،

چلو یوں کرو مرے واسطے کہ بلند و بالا عمارتوں کا لو جائزہ

جو فلک کو بوسہ لگا رہی ہوں عمارتیں،

جو تمہارے پیار سے لے رہی ہوں مشابہتیں

جو ہو سب سے زیادہ بلند و بالا الگ تھلگ

اسے سر کرو،

اسے چھت تلک، ہاں یہیں رکو، یہ وہ ہی ہے چھت،

ذرا سانس لینے کو قیام لو، مرا نام لو،

تو سفر کی ساری تھکن یہیں پہ اتار لو،

اب! مرے تمہارے جو درمیاں میں ہے فاصلہ، وہ ذرا سا ہے،

وہ مٹا سکو، تو غرور ڈھاتی بلندیوں کو پھلانگ دو!

تمہیں پیار ہے تو یقین دو!!

مزید غزلیں از عارف اشتیاق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں