پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ادیب دموہی کی غزلیں — Adeeb Damohi Ghazals

ادیب دموہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ناز رستوں کے اٹھاتے ہوئے تھک جاتا ہوں (غزل)

ناز رستوں کے اٹھاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

میں تری بزم میں آتے ہوئے تھک جاتا ہوں

پھر نئے غم کی ضرورت ہے مری غزلوں کو

روز کی بات بتاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

زندگی تجھ سے بھی اب روٹھنے کو دل چاہے

بارہا تجھ کو مناتے ہوئے تھک جاتا ہوں

لب کشائی تو کرو تم بھی مرے حق میں کبھی

میں تمہارا ہوں بتاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

قرض کم ظرف سے لینے میں ہے نقصان بہت

اس کا احسان چکاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

علم ہوتا ہے حقیقت میں جہالت کا جواب

میں تو اسباق پڑھاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

دل کا وہ میل مگر صاف نہیں ہوتا ادیبؔ

ہاتھ دشمن سے ملاتے ہوئے تھک جاتا ہوں

خوشی کو پانے کا نسخہ بدل کے آئے ہیں (غزل)

خوشی کو پانے کا نسخہ بدل کے آئے ہیں

ہم اپنے دل کی تمنا بدل کے آئے ہیں

ہماری خوبیاں کیسے انہیں نظر آئیں

کہ وہ نظر نہیں چشمہ بدل کے آئے ہیں

روایتوں کو بناتے نہیں ہیں حسن غزل

کے ہم غزل کا مقالہ بدل کے آئے ہیں

جواہرات کے دانے ہیں تار سونے کے

نئے شکاری ہیں پنجرہ بدل کے آئے ہیں

وہ مفلسوں کی تھی بستی اسی لئے شاید

کھلونے والے بھی رستہ بدل کے آئے ہیں

ہوائیں اپنے ٹھکانوں کو لوٹ جائیں گی

ہم اپنی کھڑکی کا پردہ بدل کے آئے ہیں

ادیبؔ فرق نہیں دوست اور دشمن میں

کہ دوست بھی تو مکھوٹا بدل کے آئے ہیں

مزید غزلیں از ادیب دموہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں