پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انکت آب کی غزلیں — Ankit Aab Ghazals

انکت آب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی کو الٹ پلٹ کر دیکھ (غزل)

زندگی کو الٹ پلٹ کر دیکھ

خود کو اک روز خود سے کٹ کر دیکھ

کتنے منظر ابھر کے آئیں گے

تو ذرا درمیاں سے ہٹ کر دیکھ

وہ ہے دریا تو ڈوب جا اس میں

اور آتش ہے تو لپٹ کر دیکھ

یہ تری کوششوں کا حاصل ہے

میری بربادیوں کو ڈٹ کر دیکھ

سارے رستے یہیں سے کھلتے ہیں

اپنے اندر ذرا سمٹ کر دیکھ

کس نے صدا لگائی کہ حیران کر دیا (غزل)

کس نے صدا لگائی کہ حیران کر دیا

مجھ سے مری رہائی کا اعلان کر دیا

وہ تو برا ہی مان گئے ہم نے جس گھڑی

ان کے دئے شراپ کو وردان کر دیا

اب تک ترے سوال سے ہوتا تھا جی اداس

اب کے مجھے جواب نے ہلکان کر دیا

بگڑے ہوئے نواب ہیں پہلے ہی دل میاں

اور تم نے ان کو عشق کا سلطان کر دیا

تیرے قیام سے رہا آباد شہر دل

ہجرت نے تیری پھر اسے ویران کر دیا

اس لا زوال حسن پہ ایمان لائے ہم

کافر کی اک نظر نے مسلمان کر دیا

یہ میرے سنگ ہونے سے پہلے کی بات ہے

پتھر کو پوج پوج کے بھگوان کر دیا

رو کر کیا وصال کو پر لطف اور پھر

خوش رہ کے ہم نے ہجر کا نقصان کر دیا

اس نے حصار شب کی بڑھائی ہے چوکسی

ہم نے بھی جگنوؤں کو نگہبان کر دیا

سرسا سی پھیلتی ہوئی آدم کی بھوک نے

جنگل مٹائے شہر بیابان کر دیا

مزید غزلیں از انکت آب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں