پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجمن منصوری آرزو کی غزلیں — Anjuman Mansury Arzoo Ghazals

انجمن منصوری آرزو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک ذرا سی دل کی حسرت تم سے الفت اور تم (غزل)

اک ذرا سی دل کی حسرت تم سے الفت اور تم

بس ہے اتنی سی ضرورت تھوڑی راحت اور تم

مدتوں سے مختلف ہیں میری قسمت اور تم

کیوں مقدر میں نہیں تم سے محبت اور تم

ہو بہت مصروف تم یا ہے کوئی ناراضگی

ساتھ میں ملتے نہیں اب تھوڑی فرصت اور تم

تم بچھڑ کر بھی نہ مجھ سے ہو سکے پل بھر جدا

مجھ میں باقی ہے تمہاری ہر اک عادت اور تم

اپنے آنگن سے نہیں کچھ دوریوں سے ہی سہی

ہے مجھے حاصل تمہارے گل کی نکہت اور تم

ہوں بڑی مشکل میں اپنے دل مکاں کو دیکھ کر

ساتھ کیسے رہ سکیں گے اس میں وحدت اور تم

منحصر تم پر ہے میرے دل کی ہر اک آرزو

ایک منت ایک جنت ایک فرحت اور تم

وہی رہتا ہے سب لیکن زمانہ چھوٹ جاتا ہے (غزل)

وہی رہتا ہے سب لیکن زمانہ چھوٹ جاتا ہے

پری سی بیٹیوں کا مسکرانا چھوٹ جاتا ہے

ادھورا زندگی کا ہر فسانہ چھوٹ جاتا ہے

وہ چڑیوں سا پھدکنا چہچہانا چھوٹ جاتا ہے

جدیدی دور میں بھی ہے قدیمی بیٹی کی قسمت

جدا ہوتے ہی بچپن سے گھرانا چھوٹ جاتا ہے

جو کل تک گھر تھا بیٹی کا ہوا ہے مائکہ اب وہ

ذرا سی رسم سے ہی آشیانا چھوٹ جاتا ہے

اگر ماں ٹھنڈی روٹی دیں تو ہم ناراض ہوتے ہیں

مگر سسرال جا کر گرم کھانا چھوٹ جاتا ہے

کوئی بغیا ثمر کے بن رہے سونی نہ اس خاطر

شجر بابا کے آنگن کا پرانا چھوٹ جاتا ہے

مہیا عیش و عشرت کا اثاثہ ہے ہمیں یوں تو

مگر اس میں کھلونوں کا خزانہ چھوٹ جاتا ہے

رہیں ماں باپ جب تک پوچھی جاتی ہے ہر اک بیٹی

پھر اپنے گاؤں اس کا آنا جانا چھوٹ جاتا ہے

جہاں کی ساری ذمہ داریاں ہیں منحصر ہم پر

نہ چھوٹے کام ہم سے بس کمانا چھوٹ جاتا ہے

ذرا سے دل میں رکھنے پڑتے ہیں پروت سے غم ہم کو

ذرا سی بات پر آنسو بہانا چھوٹ جاتا ہے

یہاں اک آرزوؔ کو گل کی نکہت سا بنانے میں

ہزاروں خواب کا موسم سہانا چھوٹ جاتا ہے

مزید غزلیں از انجمن منصوری آرزو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں