ابو شبّر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات یہ ایک بے وفا کی ہے (غزل)
بات یہ ایک بے وفا کی ہے
جس پہ یہ زندگی فنا کی ہے
اب کوئی بھی دعا قبول نہ ہو
اب خدا سے یہی دعا کی ہے
ہم نے اک دوسرے سے جی بھر کے
بے وفائی کی انتہا کی ہے
تم بھلا دو مجھے مرے ہمدم
اس نے ہم سے یہ التجا کی ہے
روز جیتے ہیں روز مرتے ہیں
زندگی ہے کہ ہولناکی ہے
جس پہ اتنا گمان ہے تم کو
وہ فقط ایک جسم خاکی ہے
تم کو جی بھر کے دیکھ لیتے ہیں
کیا ضرورت ہمیں دوا کی ہے
انہیں ہم سے محبت ہے نہیں تو (غزل)
انہیں ہم سے محبت ہے نہیں تو
یہی کیا اک اذیت ہے نہیں تو
کسی سے بات بھی کرتے نہیں اب
تو کیا ہر اک سے نفرت ہے نہیں تو
متاع جاں تمہارے بن یہ دنیا
نہایت خوبصورت ہے نہیں تو
تمہارے ساتھ گزرے عمر ساری
ہماری ایسی قسمت ہے نہیں تو
کسی بھی بت کی اس شہر بتاں میں
تمہاری جیسی صورت ہے نہیں تو
دل معصوم کو مجروح کر کے
انہیں خود پر ندامت ہے نہیں تو
رواں تو ہوں سرابوں کے سفر پر
مگر کچھ اس میں دقت ہے نہیں تو
مصیبت ناک تنہا راستوں پر
ہمیں ان کی ضرورت ہے نہیں تو
کسی کے پاس ابو شبرؔ کے جیسی
فصاحت اور بلاغت ہے نہیں تو
مری بہنیں مجھے بے انتہا محبوب ہیں مولا (نظم)
مری بہنیں مجھے بے انتہا محبوب ہیں مولا
کہ تو رکھنا سلامت سو برس تک چوڑیاں ان کی
ابو شبرؔ مجھے رولکس راڈو کی ضرورت کیا
کلائی پر مری موجود ہیں جب راکھیاں ان کی