پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم عرفانی کی غزلیں — Anjum Irfani Ghazals

انجم عرفانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فصیل جسم پہ شب خوں شرارتیں تیری (غزل)

فصیل جسم پہ شب خوں شرارتیں تیری

ذرا سی بھی نہیں بدلی ہیں عادتیں تیری

یہ زخم زخم بدن اور لہو لہو یہ خواب

کتاب جسم پہ اتری ہیں آیتیں تیری

حصار آتش نمرود میں گھرا ہوں میں

اب اتنی سست قدم کیوں ہیں رحمتیں تیری

چراغ چاند شفق شام پھول جھیل صبا

چرائیں سب نے ہی کچھ کچھ شباہتیں تیری

یہ موج موج لہو میں ترے بدن کا نشہ

تلاش کرتا ہے ہر لمحہ قربتیں تیری

اے رشک سرو و صنوبر قداں خرام ناز

کہ راہ دیکھ رہی ہیں قیامتیں تیری

مری ہوس کے سمندر میں مد و جزر نہیں

پئے زوال نہ ہوں چاند چاہتیں تیری

اکھڑنے والی تھی جس دم طناب سانسوں کی

در آئیں خیمۂ دل میں بشارتیں تیری

اسے سنبھال، ہوا جا رہا ہے زیر و زبر

کہ دل پہ لائی ہوئی سب ہیں آفتیں تیری

ادا ہوا نہ کبھی مجھ سے ایک سجدۂ شکر

میں کس زباں سے کروں گا شکایتیں تیری

وہ آنکھوں آنکھوں میں راتوں کا کاٹنا تیرا

وہ باتوں باتوں میں انجمؔ عبادتیں تیری

اتنی ساری شاموں میں ایک شام کر لینا (غزل)

اتنی ساری شاموں میں ایک شام کر لینا

سوگ چند لمحوں کا میرے نام کر لینا

لوٹ کر یقیناً میں ایک روز آؤں گا

پلکوں پہ چراغوں کا اہتمام کر لینا

اک جنم کا میں پیاسا راستہ بھی ہے لمبا

ایک قلزم مے کا انتظام کر لینا

ہم فنا نصیبوں کو اور کچھ نہیں آتا

خوں شراب کر لینا جسم جام کر لینا

یہ پرند پروردہ ہے کھلی فضاؤں کا

سبز باغ دکھلا کر زیر دام کر لینا

خاک سے ہماری بھی ہو کبھی گزر تیرا

بر زبان شمع و گل کچھ کلام کر لینا

بے تکلفانہ آ سادہ لوح لوگوں میں

رنگ آشناؤں میں جشن بام کر لینا

وقت شام پلکوں پر جھلملا اٹھیں تارے

شامل دعا انجمؔ کا بھی نام کر لینا

موٹر کے پہیے بجلی کے کھمبے پہ چند چھینٹے کچھ (نظم)

موٹر کے پہیے بجلی کے کھمبے پہ چند چھینٹے کچھ

چکنی سڑک پہ دور تک اک سرخ سی لکیر

فٹ پاتھ پہ کچھ جا بجا دھبے سیاہ و سرخ

نالی کے گدلے پانی کے سینے پہ چند داغ

باؤنڈری وال پر بھی کچھ اسپاٹ کھردرے

چہروں پہ راہگیروں کے ناخوش گوار نقش

ماحول میں اک لمحہ کو بے نام سا تناؤ

آنکھیں مری ابل پڑیں حیران رہ گیا

گویا کہ آج تک کا کیا رائیگاں گیا

دریا اگر نہیں تو رواں جوئے خوں سہی