پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم فوقی بدایونی کی غزلیں — Anjum Fauqi Badayuni Ghazals

انجم فوقی بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق چھپتا نہیں چھپانے سے (غزل)

عشق چھپتا نہیں چھپانے سے

فائدہ کیا نظر بچانے سے

جب قفس میں چراغ جلتے ہیں

لو نکلتی ہے آشیانے سے

ترک امید اک بہانہ تھا

کر چکے یہ بھی سو بہانے سے

ہوشیار اے نگاہ وقت نواز

رخ بدلتے ہوئے زمانے سے

حاصل ذکر ہو تمہی لیکن

ابتدا ہے مرے فسانے سے

جاگنا تھا ہمیں بہ کار حیات

سوئے ہیں موت کے بہانے سے

ذکر محبوب فرض تھا انجمؔ

کہہ لئے شعر اس بہانے سے

بات کی بات سے ڈر لگتا ہے (غزل)

بات کی بات سے ڈر لگتا ہے

اس مساوات سے ڈر لگتا ہے

تم کوئی بات سمجھتے ہی نہیں

بس اسی بات سے ڈر لگتا ہے

جس میں کوئی نہ ملے اپنے سوا

اس ملاقات سے ڈر لگتا ہے

دل بضد ہے کہ وہی بات کہو

سب کو جس بات سے ڈر لگتا ہے

راز کی بات تو کوئی بھی نہیں

عرض‌ حالات سے ڈر لگتا ہے

جن میں گرمی نہ اجالے نہ مہک

ایسے دن رات سے ڈر لگتا ہے

خود کو پرکھا تو یہ سمجھے انجمؔ

کیوں کسی ذات سے ڈر لگتا ہے

مزید غزلیں از انجم فوقی بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں