پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابرار شاہجہانپوری کی غزلیں — Abrar Shahjahanpuri Ghazals

ابرار شاہجہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ ہے خبر فرشتوں کے جلتے ہیں پر کہاں (غزل)

کچھ ہے خبر فرشتوں کے جلتے ہیں پر کہاں

جاتی ہے بے ادب نگہ پردہ در کہاں

یہ شمع و انجمن یہ مے و جام یہ بہار

مہمان رات بھر کے ہیں وقت سحر کہاں

نظارۂ جمال ہے گو جان زندگی

وارفتۂ جمال کو فرصت مگر کہاں

دل عرش گاہ حسن ہے دل جلوہ گاہ ناز

یہ آپ ہی کا گھر ہے ہماری گزر کہاں

ہے وقت نزع اور غم عشق دور دور

جاتا ہے ساتھ چھوڑ کے یہ ہم سفر کہاں

اس بے خودیٔ شوق میں ابرارؔ کس کو ہوش

منزل کہاں ہے میں ہوں کہاں راہبر کہاں

الٰہی کیا کبھی پورے یہ ارماں ہو بھی سکتے ہیں (غزل)

الٰہی کیا کبھی پورے یہ ارماں ہو بھی سکتے ہیں

مرے کاشانۂ دل میں وہ مہماں ہو بھی سکتے ہیں

کوئی صیاد سے پوچھے کہ او نا واقف الفت

یہ دیوانے کہیں پابند زنداں ہو بھی سکتے ہیں

بتا اے خضر راہ عشق میں منزل ہے ایسی بھی

کہیں ہم واقف اسرار جاناں ہو بھی سکتے ہیں

زبان شوق پر چھا جائے گا مایوسیٔ پیہم

لب خاموش روداد دل و جاں ہو بھی سکتے ہیں

بہ پاس احترام عشق ہم خاموش ہیں ورنہ

پریشاں کر بھی سکتے ہیں پریشاں ہو بھی سکتے ہیں

کبھی اے دیدۂ خونباز تو نے یہ بھی سوچا ہے

یہ تحفے باریاب بزم جاناں ہو بھی سکتے ہیں

نظام زندگی ابرارؔ کب تک درہم و برہم

کہیں یکجا یہ اوراق پریشاں ہو بھی سکتے ہیں

مزید غزلیں از ابرار شاہجہانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں