پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابرار جعفری کی غزلیں — Abrar Jafri Ghazals

ابرار جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھوں میں لگا کر وہ حنا دیکھ رہے ہیں (غزل)

ہاتھوں میں لگا کر وہ حنا دیکھ رہے ہیں

سچ یہ ہے مرا خون وفا دیکھ رہے ہیں

کیا جاتے ہوئے ان کو ترس آ گیا مجھ پر

پوچھے تو کوئی مڑ کے وہ کیا دیکھ رہے ہیں

دو ہاتھ ہے ساحل تو لرزتا ہے زمانہ

ہم جانب طوفان فنا دیکھ رہے ہیں

تم روٹھ گئے ہو تو ہمیں اس کا گلہ کیا

تقدیر میں جو کچھ تھا لکھا دیکھ رہے ہیں

چبھتے ہوئے خاروں کی قسم چھٹ کے قفس سے

بدلی ہوئی گلشن کی ہوا دیکھ رہے ہیں

گلشن میں کوئی جعفریؔ دل کھول کے رویا

بھیگی ہوئی پھولوں کی قبا دیکھ رہے ہیں

کیا جو تیری نگاہوں نے انتخاب مجھے (غزل)

کیا جو تیری نگاہوں نے انتخاب مجھے

مرا نصیب سمجھتا ہے کامیاب مجھے

وہ کتنا اچھا ہے یہ فیصلہ کرے کوئی

سمجھ رہا ہے جو انساں بہت خراب مجھے

ازل نے کانٹے لکھے تھے مرے مقدر میں

نہ راس آیا کسی پھول کا شباب مجھے

وہ ہوشیار تھا خاموش ہی رہا ورنہ

مری وفاؤں کا دیتا بھی کیا جواب مجھے

پلا سکے تو پلا اپنی مست نظروں سے

نہ دے خدا کے لیے ساغر شراب مجھے

ہیں جعفریؔ یہ کرشمے فریب دنیا کے

کوئی کرم بھی کرے تو لگے عتاب مجھے

مزید غزلیں از ابرار جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں