ابھیشیک تیواری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیکھ کر لوگ کتنا جلتے ہیں (غزل)
دیکھ کر لوگ کتنا جلتے ہیں
آپ جب میرے ساتھ چلتے ہیں
شام ہوتے ہی میری پلکوں پر
تیری یادوں کے دیپ جلتے ہیں
یہ جوانی کا موڑ ہے پیارے
اچھے اچھے یہیں پھسلتے ہیں
اک زمانہ تھا وصل چاہیئے تھا
اور اب ہجر کو مچلتے ہیں
اس کے جانے پہ روز روتے تھے
اس کے آنے پہ ہاتھ ملتے ہیں
شام ہوتے ہی درد کے مارے
مے کدوں کی طرف نکلتے ہیں
ایسے تو لازمی ہے بربادی
دوستوں خود کو اب بدلتے ہیں
ہائے وہ لوگ کتنے ناداں ہیں
اپنے خوابوں کو جو کچلتے ہیں
کیا ہے میری ذات کیا اوقات ہے کچھ بھی نہیں (غزل)
کیا ہے میری ذات کیا اوقات ہے کچھ بھی نہیں
تیری رحمت کے سوا کیا ساتھ ہے کچھ بھی نہیں
جو بھی ہے مجھ میں وہ تیرے نام سے مجھ کو ملا
ورنہ اس ناچیز میں کیا بات ہے کچھ بھی نہیں
میری آنکھیں رونے پر آ جائیں تو پھر دیکھنا
سامنے ان کے یہ کیا برسات ہے کچھ بھی نہیں
وہ جسے دنیا سے کچھ لینا نہ دینا دوستو
اس کی خاطر جیت ہے کیا مات ہے کچھ بھی نہیں
جس اندھیرے سے گزرنا ہو رہا ہے ان دنوں
سامنے اس کے بھلا کیا رات ہے کچھ بھی نہیں