ابھیسار گیتا شکل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دشت کنارے عشق پکاریں اور کہیں یہ تم ہی ہو (غزل)
دشت کنارے عشق پکاریں اور کہیں یہ تم ہی ہو
ہر مرہم کا گھاؤ لگا لیں اور کہیں یہ تم ہی ہو
سب نے کیا کیا روپ گڑھے ہیں تیری حسن بیانی میں
ہم دریا سے چاند نکالیں اور کہیں یہ تم ہی ہو
جتنے عشق کہیں ہوں سب نے اور سنیں ہوں جتنے بھی
سب کی اک تصویر بنا لیں اور کہیں یہ تم ہی ہو
دنیا کی پھلواری میں جو سب سے سندر تتلی ہو
اس تتلی کا حسن سنواریں اور کہیں یہ تم ہی ہو
جس چڑیا نے پنجرہ توڑا عشق کیا آزاد ہوئی
اس چڑیا کے پنکھ نہاریں اور کہیں یہ تم ہی ہو
سوچا تھا عشق ہوگا نہیں اک پری کے بعد (غزل)
سوچا تھا عشق ہوگا نہیں اک پری کے بعد
پر پیاس اور بڑھ گئی ہے اس ندی کے بعد
ناکام ہو جو عشق میں تو شاعری کرو
جادوگری سے کام لو چارہ گری کے بعد
تب کیا کرے گا دوست اگر وہ نہیں ملی
جو زندگی تو چاہتا ہے خودکشی کے بعد
پھر بھی یقین کر رہا ہوں اس خدا پہ میں
جو بے بسی بنا رہا ہے آدمی کے بعد
کچھ زخم مسکراہٹوں کے ایسے رہ گئے
جیسے کہ تیرگی کے نشاں چاندنی کے بعد
یہ دل جلوں کی فوج مرے ساتھ جائے گی
کچھ بھی نہیں بچے گا یہاں شاعری کے بعد
ہم عشق سے نکل چکے افسردگی میں ہیں
اک اجنبی کے ساتھ ہیں اک اجنبی کے بعد