آنند پانڈے تنہا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر وہ خوب صورت ہے بھلی ہے (غزل)
اگر وہ خوب صورت ہے بھلی ہے
ہماری روح بھی تو صندلی ہے
ابھی رفتار پکڑے گی محبت
ابھی تو وہ دبے پیروں چلی ہے
یقیناً آ گئے ہیں بزم میں وہ
نہیں تو اس قدر کیوں کھلبلی ہے
دعا پھر غیب سے ماں نے ہمیں دی
ہماری اک مصیبت پھر ٹلی ہے
دکھاوا ہے محض شائستگی یہ
تمہاری جب نظر ہی منچلی ہے
ابھی منہ پھیر لینا اے قضا تو
بہ مشکل زندگی پھولی پھلی ہے
میسر ہے سبھی کچھ زندگی میں
کمی پر آپ کی بے حد کھلی ہے
زیست کیسے حسین ہو جائے (غزل)
زیست کیسے حسین ہو جائے
آدمی جب مشین ہو جائے
مطمئن ہیں خلوص سے ہم تو
آپ کو بس یقین ہو جائے
خواہش نفس ہے یہی ہر دم
ساتھ اک نازنین ہو جائے
لوگ ہیں بے شمار جب دل میں
کیسے مالک مکین ہو جائے
عشق ناداں کا جب ہوا کامل
پھر کوئی کیوں ذہین ہو جائے
بھر گیا زندگی سے دل اب تو
موت شاید معین ہو جائے
جنم ہوگا کہ مغفرت ہوگی
فیصلہ اب مبین ہو جائے
کوئی تنہاؔ غزل سنائے تو
روح تازہ ترین ہو جائے