پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبداللہ خاں منظر طالبی کی غزلیں — Abdullla Khan Manzar Talbi Ghazals

عبداللہ خاں منظر طالبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ لینا گردش ایام پھر (غزل)

دیکھ لینا گردش ایام پھر

میرے ہاتھوں میں نہ آئے جام پھر

چڑھتے سورج کی پرستش کیا کروں

ڈوب جائے گا تو ہوگی شام پھر

پیاس کے ماروں کا ہنگامہ نہ پوچھ

میکدہ لوٹیں نہ تشنہ کام پھر

اہتمام گردش دوراں نہ پوچھ

صبح ہوتی ہے تو ہوگی شام پھر

ان کی زلفوں میں الجھ کر رہ گیا

آ گیا ہوں کیا میں زیر دام پھر

لوٹنے والوں نے لوٹا میکدہ

میرے حصے میں ہے خالی جام پھر

جس نے کی برباد منظرؔ زندگی

آپ کے ہونٹوں پہ اس کا نام پھر

رہ گیا کیا سماج مٹھی بھر (غزل)

رہ گیا کیا سماج مٹھی بھر

لوگ کرتے ہیں راج مٹھی بھر

لوٹ لے کوئی عزت و عصمت

اور دے دے اناج مٹھی بھر

سلطنت چار سمت پھیلی ہے

اور سر پہ ہے تاج مٹھی بھر

پھر پلٹ کے وہ دور آئے گا

لوگ لیں گے خراج مٹھی بھر

کل زمانہ ملائے گا آواز

لوگ آئے ہیں آج مٹھی بھر

فصل آئی ہے خوب کھیتوں میں

نہیں گھر میں اناج مٹھی بھر

برسر اقتدار ہیں منظرؔ

لوگ بے تخت و تاج مٹھی بھر