پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد الوہاب سخن کی غزلیں — Abdul Wahab Sukhan Ghazals

عبد الوہاب سخن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کا لہجہ کرخت ہوتا گیا (غزل)

اس کا لہجہ کرخت ہوتا گیا

دل ہمارا بھی سخت ہوتا گیا

زخم کا ایک ننھا سا پودا

رفتہ رفتہ درخت ہوتا گیا

تھا سفر یوں تو بے سر و ساماں

شوق منزل ہی رخت ہوتا گیا

رہبری کا ہر اک علمبردار

خوگر تاج و تخت ہوتا گیا

تیری خاطر سمیٹ کر رکھا

دل مگر لخت لخت ہوتا گیا

عشق میں جس مقام سے گزرے

مرحلہ اور سخت ہوتا گیا

جس نے دیکھے تھے خواب اجالوں کے

وہ سخنؔ تیرہ بخت ہوتا گیا

مجھے احساس یہ پل پل رہا ہے (غزل)

مجھے احساس یہ پل پل رہا ہے

کہ میرے سر سے سورج ڈھل رہا ہے

خوشا ساتھی وہ پچھلے موسموں کے

یہ تنہائی کا عالم کھل رہا ہے

برائے شب جلاؤ مشعل جاں

تھکا ماندہ یہ سورج ڈھل رہا ہے

سفر میں یہ گماں ہے ہر قدم پر

کہ میرے ساتھ کوئی چل رہا ہے

رقم تھے جس پہ لمحے بیش قیمت

وہ کاغذ آنسوؤں سے گل رہا ہے

تصور ہے نشہ ہے دھڑکنیں ہیں

سخنؔ شعروں میں کوئی ڈھل رہا ہے

رفاقتوں کے طویل رستے (نظم)

رفاقتوں کے طویل رستے

پہ چلتے چلتے

بہت ہی اکتا گیا تھا جاناں

تو یہ بھی اچھا ہوا

کہ اک دن وہ موڑ آیا

کہ جس کی پگڈنڈیاں جدا تھیں

بس اک اشارہ تھی وہ ہی ساعت

وہی تو لمحہ تھا فیصلے کا

وہ ہاتھ اب ہم کو چھوڑنا تھے

کہ جن کو تھامے بہت دنوں سے

رفاقتوں کے سفر میں

دونوں ہی ہم قدم تھے

تو پھر وہ لمحہ بھی آ گیا جب

بغیر تمہید ہجر کوئی

بچھڑ گئے ہم

الگ دشاؤں کا قصد باندھے

مزید غزلیں از عبد الوہاب سخن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں