علی زبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مصلحت کا کوئی خدا ہے یہاں (غزل)
مصلحت کا کوئی خدا ہے یہاں
کام جو سب کے کر رہا ہے یہاں
اور ملتا بھی کیا فقیروں سے
صرف اک حوصلہ ملا ہے یہاں
لوگ محتاط ہیں رویوں میں
قربتوں میں بھی فاصلہ ہے یہاں
عادتا پوچھنے لگے ہیں لوگ
کیا کوئی حادثہ ہوا ہے یہاں
علم تو دفن ہو چکا کب کا
کچھ کتابوں کا سلسلہ ہے یہاں
روشنی منتقل نہیں کی گئی
بس دیے سے دیا جلا ہے یہاں
کس طرح جاؤں کہ یہ آئے ہوئے رات میں ہیں (غزل)
کس طرح جاؤں کہ یہ آئے ہوئے رات میں ہیں
یہ اندھیرے نہیں ہیں سائے مری گھات میں ہیں
ملتا رہتا ہوں میں ان سے تو یہ مل لیتے ہیں
یار اب دل میں نہیں رہتے ملاقات میں ہیں
یہ تو ناکام اثاثہ ہے سمندر کے پاس
کچھ غضب ناک سی لہریں مرے جذبات میں ہیں
یہ دھوئیں میں جو نظر آتے ہیں سرسبز یہاں
یہ مکاں شہر میں ہو کر بھی مضافات میں ہیں
دل کا چھونا تھا کہ جذبات ہوئے پتھر کے
ایسا لگتا ہے کہ ہم شہر طلسمات میں ہیں
میں ہی تکرار ہوں اور میں ہی مکرر ہوں یہاں
وقت پر چلتے ہوئے دن مری اوقات میں ہیں