پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرحمان خان وصفی بہرائچی کی غزلیں — Abdul Rahman Khan Wasfi Bahraichi Ghazals

عبدالرحمان خان وصفی بہرائچی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم سے گھبرا کے کبھی نالہ و فریاد نہ کر (غزل)

غم سے گھبرا کے کبھی نالہ و فریاد نہ کر

عزت نفس کسی حال میں برباد نہ کر

دل یہ کہتا ہے کہ دے اینٹ کا پتھر سے جواب

جو تجھے بھولے اسے تو بھی کبھی یاد نہ کر

توڑ دے بند قفس کچھ بھی اگر ہمت ہے

اک رہائی کے لئے منت صیاد نہ کر

اپنے حالات کو بہتر جو بنانا ہے تجھے

عہد رفتہ کو کبھی بھول کے بھی یاد نہ کر

حال کو دیکھ سمجھ وقت کی قیمت اے دوست

فکر فردا میں کبھی وقت کو برباد نہ کر

زندگی بنتی ہے کردار سے کردار بنا

مختصر زیست کے لمحات کو برباد نہ کر

کبھی بدلا ہے نہ بدلے گا محبت کا مزاج

اہل دل ہے تو کسی دل کو بھی ناشاد نہ کر

مدعی علم کا ہے جہل مرکب لا ریب

قول فیصل ہے فراموش یہ ارشاد نہ کر

میں جانتا ہوں کون ہوں میں اور کیا ہوں میں (غزل)

میں جانتا ہوں کون ہوں میں اور کیا ہوں میں

دنیا سمجھ رہی ہے کہ اک پارسا ہوں میں

اب مجھ میں اور تجھ میں کوئی فاصلہ نہیں

تو میرا مدعا ہے ترا مدعا ہوں میں

واعظ جبین شوق جھکے تو کہاں جھکے

نقش قدم ہی ان کے ابھی ڈھونڈھتا ہوں میں

دل کو تجلیات کا مرکز بنا لیا

اب ان کا نام لینے کے قابل ہوا ہوں میں

ناصح تری نگاہ میں بادہ پرست ہوں

میکش سمجھ رہے ہیں بڑا پارسا ہوں میں

فرصت ملے کشاکش دنیا سے تو کہوں

کس وہم کس گمان میں الجھا ہوا ہوں میں

اہل خرد کی عقل پہنچتی نہیں جہاں

وصفیؔ جنوں میں ایسی جگہ آ گیا ہوں میں