علی یاسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آب میں ذائقۂ شیر نہیں ہو سکتا (غزل)
آب میں ذائقۂ شیر نہیں ہو سکتا
خواب تو خواب ہے تعبیر نہیں ہو سکتا
مجھ کو پابند سلاسل کوئی جتنا کر لے
پر مرا عزم تو زنجیر نہیں ہو سکتا
ہر طرف غل ہے شہنشاہ کی مرضی کے بغیر
اب کوئی لفظ بھی تحریر نہیں ہو سکتا
رزق جیسا ہے مقدر میں لکھا ہوتا ہے
فن کسی شخص کی جاگیر نہیں ہو سکتا
ہم نے دروازۂ مژگاں پہ سجا رکھا ہے
وہ ستارا کہ جو تسخیر نہیں ہو سکتا
کچھ اس طرح وہ دعا و سلام کر کے گیا (غزل)
کچھ اس طرح وہ دعا و سلام کر کے گیا
مری طرف ہی رخ انتقام کر کے گیا
جہاں میں آیا تھا انساں محبتیں کرنے
جو کام کرنا نہیں تھا وہ کام کر کے گیا
اسیر ہوتے گئے بادل نا خواستہ لوگ
غلام کرنا تھا اس نے غلام کر کے گیا
جو درد سوئے ہوئے تھے وہ ہو گئے بیدار
یہ معجزہ بھی مرا خوش خرام کر کے گیا
ہے زندگی بھی وہی جو ہو دوسروں کے لئے
وہ محترم ہوا جو احترام کر کے گیا
یہ سرزمیں ہے جلال و جمال و عظمت کی
ہے خوش نصیب یہاں جو قیام کر کے گیا
ہے کون شاعر خوش فکر کون ہے فن کار
غزل بتائے گی کون اس میں نام کر کے گیا
اثر ہوا نہ ہوا بزم پر علی یاسرؔ
کلام کرنا تھا میں نے کلام کر کے گیا