عبدالقادر احقر عزیزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ پوچھو مرے دل سے کیا چاہتا ہوں (غزل)
نہ پوچھو مرے دل سے کیا چاہتا ہوں
تمہاری وفا بے وفا چاہتا ہوں
دھڑکتا ہے دل اور جگر بھی ہے مضطر
ترا حسن میں دیکھنا چاہتا ہوں
میں درد محبت کو دل میں چھپا کر
پریشاں ہوں اس کی دوا چاہتا ہوں
بہت زخم گہرا ہوا جا رہا ہے
نگاہوں سے تیری شفا چاہتا ہوں
تحمل سے باہر ہے یہ درد میرا
بزرگوں کی اب میں دعا چاہتا ہوں
جھلک تو دکھا آخر اے وائے قسمت
ترا جلوہ میں برملا چاہتا ہوں
ترے سامنے دل کی سب بات کہہ دی
بڑا بے ادب ہوں سزا چاہتا ہوں
مرے دل میں جس کا بھی ہے عشق احقرؔ
اسی پر میں قرباں ہوا چاہتا ہوں
راہ جینے کی بتاؤ تو کوئی بات بنے (غزل)
راہ جینے کی بتاؤ تو کوئی بات بنے
حوصلہ دل کا بڑھاؤ تو کوئی بات بنے
صرف اظہار محبت سے نہیں کام چلے
ہاں اگر ساتھ نبھاؤ تو کوئی بات بنے
دور سے دیدۂ امید کو ترساتے ہو
جب مجھے پاس بلاؤ تو کوئی بات بنے
نہ کرو دور سے دعوائے مسیحائی تم
مجھ سے مردے کو جلاؤ تو کوئی بات بنے
غیریت اب بھی نمایاں ہے ذرا رحم کرو
تم مجھے اپنا بناؤ تو کوئی بات بنے
معاملہ دل کا بتانے میں پس و پیش ہے کیا
پردۂ شرم اٹھاؤ تو کوئی بات بنے
کیوں سناتے ہو مجھے قصۂ درد ہجراں
پیار کے گیت سناؤ تو کوئی بات بنے
آنکھ سے آنکھ ملاتے ہو بھلا احقرؔ سے
دل کو دل سے جو ملاؤ تو کوئی بات بنے