پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی ساحل کی غزلیں — Ali Sahil Ghazals

علی ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب دیے سے دیا جلاؤں گا (غزل)

جب دیے سے دیا جلاؤں گا

میں ہوا کو نہیں بتاؤں گا

میں کوئی دوسرا سکندر ہوں

خضر کو راستہ دکھاؤں گا

اے مرا ہات دیکھنے والے

میں ترا زائچہ بناؤں گا

تم بہت بولنے کے عادی ہو

میں تمہیں بولنا سکھاؤں گا

یاد آؤں گا یا نہیں تجھ کو

میں تجھے سوچ کر بتاؤں گا

ہجر بھی راستے میں پڑتا ہے

ہجر میں راستہ بناؤں گا

بھول جاؤں گا یاد سے تجھ کو

یاد آیا تو بھول جاؤں گا

چاہتا ہے کوئی وعدہ نہ وفا چاہتا ہے (غزل)

چاہتا ہے کوئی وعدہ نہ وفا چاہتا ہے

کوئی جا کر اسے پوچھے کہ وہ کیا چاہتا ہے

یوں تو سب کار زیاں ہے مگر اے کار جنوں

دل نے اک عمر جو چاہا وہ ہوا چاہتا ہے

یہ ترا حسن یہ خوشبو یہ ہوائے قربت

میں نہیں چاہتا یہ وصل خدا چاہتا ہے

نیند ایسی ہے کہ مسمار ہوئی چاہتی ہے

خواب ایسا ہے کہ تعبیر ہوا چاہتا ہے

کون ہے جو مجھے گریہ نہیں کرنے دیتا

کون ہے جو مری آنکھوں کا برا چاہتا ہے

نیند میرے اعصاب پہ سوار ہو چکی ہے (نظم)

نیند میرے اعصاب پہ سوار ہو چکی ہے

امید نے دامن جھٹک کر

دہلیز پر اونگھتی ہوئی آنکھوں کے ہاتھ زخمی کر دئیے ہیں

انتظار

اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہا ہے

اب میں سو جانا چاہتا ہوں

نیند سے میری آنکھیں بند ہو رہی ہیں

ہاں

صبح اگر میری آنکھیں نہ کھل سکیں

تو مجھے معاف کر دینا

مزید غزلیں از علی ساحل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں