عبدالمنان طرزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صبح سفر اور شام سفر (غزل)
صبح سفر اور شام سفر
ہستی کا انجام سفر
اونچے نام سے کیا ہوتا ہے
کرنا ہے بے نام سفر
سنئے خزاں سے کیا کہتی ہے
گل گلشن گلفام سفر
چاند ستارے اور ہوا
کس کو ہے آرام سفر
بچئے بچئے اس سے بچئے
کر دے جو بدنام سفر
گاہے کام بگاڑے بھی ہے
گاہے آوے کام سفر
کھل نہیں پائے اور مرجھائے
ہائے رے بے ہنگام سفر
کیسا سودا سر میں سمایا
سال و مہ و ایام سفر
شکوہ ہے بے بال و پری کا
دیکھیے زیر دام سفر
تم بھی رہو تیار ہی طرزیؔ
غالبؔ اور خیامؔ سفر
مر جائیں گے پندار کا سودا نہ کریں گے (غزل)
مر جائیں گے پندار کا سودا نہ کریں گے
ایسا نہ کریں گے کبھی ایسا نہ کریں گے
وہ زخم بھی پہنچایں کریں چارہ گری بھی
یہ بھول کبھی میرے مسیحا نہ کریں گے
پھوٹے گی سحر دیدۂ گریاں سے ہمارے
خوں ریز تبسم کا اجالا نہ کریں گے
آئے گا زباں پر نہ کبھی حرف شکایت
ہم ذکر غزل میں بھی تمہارا نہ کریں گے
شبنم کی صفت شعلہ مزاجوں کو نہیں دیں
یہ اس کی نزاکت کو گوارا نہ کریں گے
جائیں گے سر دار بھی احرام ہی باندھے
ہم شیوۂ حق گوئی کو رسوا نہ کریں گے
ہم زخموں کی شدت کو بیاں کر کے بھی طرزیؔ
قاتل ہی کا خود اپنے قد اونچا نہ کریں گے
اے وطن اے وطن اے ہمارے وطن (نظم)
اے وطن اے وطن اے ہمارے وطن
پھول ہم ہیں ترے تو ہمارا چمن
تیری عظمت پہ ہیں جان و دل سے خدا
آسماں جھک کے پرچم ترا چومتا
اے وطن اپنی جنت ہے کوچہ ترا
خوشبو ہم اور تو نرگس و نسترن
ہم ہیں فصل بہار اور تو گلستاں
تو اگر آسماں ہے تو ہم کہکشاں
شاخ گل تو اگر ہے تو ہم آشیاں
تو گل انداز و گل فام اور گل بدن
اے وطن خاک تیری ہے خاک شفا
چاند سورج سا ہے ذرہ ذرہ ترا
گیت گاتی ہے تیرا ہی موج صبا
پاؤں دھوتے ہیں دریائے گنگ و جمن
سر پہ دستار تیرے ہمالہ بنا
چوٹی کیلاش کی مانگ ٹیکہ ترا
اے وطن حسن کشمیر چہرہ ترا
صبح کاشی و شام اودھ پیرہن
اے وطن ہے دعا تو سلامت رہے
اپنی آنکھوں میں تو مثل جنت رہے
ہم کو تجھ سے ہمیشہ محبت رہے
تو ہے نسرین و لالہ و سرو و سمن