پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمنان صمدی کی غزلیں — Abdul Mannan Samadi Ghazals

عبدالمنان صمدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کے چھوٹ جانے کا اسے کیوں غم نہیں ہوتا (غزل)

کسی کے چھوٹ جانے کا اسے کیوں غم نہیں ہوتا

ترا دل ہے کہ پتھر ہے کبھی جو نم نہیں ہوتا

پرندے گنگناتے ہیں تمہارے شہر میں لیکن

ہمارے شہر کا ایسا کبھی موسم نہیں ہوتا

بظاہر جگنوؤں کی روشنی سے گھر تو روشن ہے

مگر پھر بھی مرے گھر کا اندھیرا کم نہیں ہوتا

خدا سے گر تجھے مانگا نہیں ہوتا دعاؤں میں

تجھے کھونے کا پھر ہم کو ذرا بھی غم نہیں ہوتا

نگاہوں نے ہماری ایک منظر وہ بھی دیکھا ہے

جہاں اپنوں کے مرنے کا کوئی ماتم نہیں ہوتا

زندگی تجھ سے پیار کیا کرتے (غزل)

زندگی تجھ سے پیار کیا کرتے

خواب کا اعتبار کیا کرتے

تجھ کو فرصت نہیں تھی ملنے کی

ہم ترا انتظار کیا کرتے

جو بھی اپنے تھے ساتھ چھوڑ گئے

غیر کا اعتبار کیا کرتے

کس کو چاہت تھی چارہ سازی کی

زخم اپنے شمار کیا کرتے

راز کوئی نہیں تھا سینے میں

تجھ پہ ہم آشکار کیا کرتے

کیوں سمجھتے ہو تم مجھے گڑیا (نظم)

کیوں سمجھتے ہو تم مجھے گڑیا

کیا میں گڑیا دکھائی دیتی ہوں

میرا اپنا وجود کوئی نہیں

میری گویائی میری بینائی

صرف دھوکہ نظر کا دھوکہ ہے

بھر گیا دل تو طاق میں رکھ کر

بھول جاتے ہو تم

کہ میں کیا ہوں

مزید غزلیں از عبدالمنان صمدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں