علی مزمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر برے وقت کے افعال بدل دیتا ہے (غزل)
ہر برے وقت کے افعال بدل دیتا ہے
عشق داناؤں کے اقوال بدل دیتا ہے
برگ جاں ہیئت اجزا کا پریشان سا جز
دیکھتے دیکھتے اشکال بدل دیتا ہے
وقت بیدار مگر ہے تو تغیر کا اسیر
جو بدلنا ہو بہ ہر حال بدل دیتا ہے
اک ذرا صبر کہ پرواز کا خالق یک دم
وقت آنے پہ پر و بال بدل دیتا ہے
کوئی مجذوب الہٰ جذب و جنوں میں آ کر
کرۂ ارض کے ابدال بدل دیتا ہے
ہاتھ آ جائے اگر نسخہ اقوال علیؔ
ایک اک قول مہ و سال بدل دیتا ہے
یہ کیا کہ خلق کو پورا دکھائی دیتا ہوں (غزل)
یہ کیا کہ خلق کو پورا دکھائی دیتا ہوں
مگر میں خود کو ادھورا سجھائی دیتا ہوں
اجل کو جا کے گریبان سے پکڑ لائے
میں زندگی کو وہاں تک رسائی دیتا ہوں
میں اپنے جسم کے سب منقسم حوالوں کو
بنام رزق سخن کی کمائی دیتا ہوں
وہ زندگی میں مجھے پھر کبھی نہیں ملتا
میں اپنے خوابوں سے جس کو رہائی دیتا ہوں
مجھے صلہ نہ ستائش نہ عدل ہے مطلوب
میں اپنے سامنے اپنی صفائی دیتا ہوں
یہ شور میرا تخاطب نہیں سنے گا علیؔ
میں خامشی کو مکمل سنائی دیتا ہوں