عبد الملک سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھ سے میری حیات روٹھ گئی (غزل)
مجھ سے میری حیات روٹھ گئی
تم نہیں کائنات روٹھ گئی
وہ بڑی مشکلوں سے آئی تھی
تم نہ آئے تو رات روٹھ گئی
موت کو موت آ گئی شاید
یا ہماری نجات روٹھ گئی
زندگی غم کا ساتھ دے نہ سکی
دفعتاً بے ثبات روٹھ گئی
سوزؔ عشرت میں ساتھ تھی دنیا
پر دم مشکلات روٹھ گئی
ہر مسرت سے کنارا کر لیا (غزل)
ہر مسرت سے کنارا کر لیا
ہم نے تیرا غم گوارا کر لیا
چھٹ گئی کچھ شام غم کی تیرگی
اشک جو ابھرا ستارا کر لیا
آنکھ کھلتی ہی نہیں ہے جس طرح
ان کا سوتے میں نظارا کر لیا
لطف فرمایا نگاہ ناز نے
اپنے بس میں دل ہمارا کر لیا
اے مرے غم خوار تیرا شکریہ
میں نے اپنے غم کا چارا کر لیا
شب کی تنہائی سے پھر گھبرا گئے
پھر یقین ہم نے تمہارا کر لیا
سر پہ طوفاں نے اٹھایا ہے اسے
جس نے ساحل سے کنارا کر لیا
دشمنی میں جھک گئی اس کی کمر
آسمان نے کیا ہمارا کر لیا
بن سہارے ڈوبنا مشکل تھا سوزؔ
ناخداؤں کو سہارا کر لیا