پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد المجید سالک کی غزلیں — Abdul Majeed Salik Ghazals

عبد المجید سالک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چراغ زندگی ہوگا فروزاں ہم نہیں ہوں گے (غزل)

چراغ زندگی ہوگا فروزاں ہم نہیں ہوں گے

چمن میں آئے گی فصل بہاراں ہم نہیں ہوں گے

جوانو اب تمہارے ہاتھ میں تقدیر عالم ہے

تمہیں ہوگے فروغ بزم امکاں ہم نہیں ہوں گے

جئیں گے جو وہ دیکھیں گے بہاریں زلف جاناں کی

سنوارے جائیں گے گیسوئے دوراں ہم نہیں ہوں گے

ہمارے ڈوبنے کے بعد ابھریں گے نئے تارے

جبین دہر پر چھٹکے گی افشاں ہم نہیں ہوں گے

نہ تھا اپنی ہی قسمت میں طلوع مہر کا جلوہ

سحر ہو جائے گی شام غریباں ہم نہیں ہوں گے

اگر ماضی منور تھا کبھی تو ہم نہ تھے حاضر

جو مستقبل کبھی ہوگا درخشاں ہم نہیں ہوں گے

ہمارے دور میں ڈالیں خرد نے الجھنیں لاکھوں

جنوں کی مشکلیں جب ہوں گی آساں ہم نہیں ہوں گے

کہیں ہم کو دکھا دو اک کرن ہی ٹمٹماتی سی

کہ جس دن جگمگائے گا شبستاں ہم نہیں ہوں گے

ہمارے بعد ہی خون شہیداں رنگ لائے گا

یہی سرخی بنے گی زیب عنواں ہم نہیں ہوں گے

خرد میں مبتلا ہے سالکؔ دیوانہ برسوں سے (غزل)

خرد میں مبتلا ہے سالکؔ دیوانہ برسوں سے

نہیں آیا وہ مے خانے میں بیباکانہ برسوں سے

میسر جس سے آ جاتی تھی ساقی کی قدم بوسی

مقدر میں نہیں وہ لغزش مستانہ برسوں سے

بیاد چشم یار اک نعرۂ مستانہ اے ساقی

کہ ہاؤ ہو سے خالی ہے ترا مے خانہ برسوں سے

تجھے کچھ عشق و الفت کے سوا بھی یاد ہے اے دل

سنائے جا رہا ہے ایک ہی افسانہ برسوں سے

کسی کو تو مشرف کر دے اے ذوق جبیں سائی

تقاضا کر رہے ہیں کعبہ و بت خانہ برسوں سے

نئی شمعیں جلاؤ عاشقی کی انجمن والو

کہ سونا ہے شبستان دل پروانہ برسوں سے

کوئی جوہر شناس آئے تو جانے قدر سالکؔ کی

پڑا ہے خاک پر یہ گوہر یک دانہ برسوں سے

مزید غزلیں از عبد المجید سالک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں