عبد المجید ساغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے دیکھنے کو ترستی ہیں آنکھیں (غزل)
تجھے دیکھنے کو ترستی ہیں آنکھیں
نہ دیکھیں تجھے تو برستی ہیں آنکھیں
حسینوں کی محفل میں بیٹھے ہو تم بھی
نہ جانے کہاں اب ٹھہرتی ہیں آنکھیں
یہ آنسو نہیں یہ وفا کے ہیں موتی
انہیں سے ہماری نکھرتی ہیں آنکھیں
کرے گی زباں دل کی کیا ترجمانی
سبھی دل کی باتیں تو کرتی ہیں آنکھیں
ان آنکھوں کو کیا حسن بخشے گا کاجل
تجھے دیکھ کر یہ سنورتی ہیں آنکھیں
جھلک جب سے ساغرؔ نے دیکھی ہے تیری
اسی دن سے تجھ پہ یہ مرتی ہیں آنکھیں
اب تو خدا سے ڈر جاؤ (غزل)
اب تو خدا سے ڈر جاؤ
پیار محبت کر جاؤ
کیوں پھرتے ہو آوارہ
اب تو خدارا گھر جاؤ
کرتا ہے یہ عشق تقاضا
اپنی جاں سے گزر جاؤ
آخر اس نے کہہ ہی ڈالا
میری بلا سے مر جاؤ
چار دنوں کی دنیا ہے یہ
کام اچھے کچھ کر جاؤ
صحرا میں ہیں لوگ پیاسے
پانی لے کر تھر جاؤ
وقت تجھے سمجھاتا ہے یہ
اب بھی یار سدھر جاؤ
خیر کو ہی پھیلاؤ ساغرؔ
مت پھیلا کے شر جاؤ