پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالمجید منظر مرتضی پوری کی غزلیں — Abdul Majeed Manzar Murtajapuri Ghazals

عبدالمجید منظر مرتضی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں پستی اخلاق بشر دیکھ رہا ہوں (غزل)

میں پستی اخلاق بشر دیکھ رہا ہوں

پھر نظم جہاں زیر و زبر دیکھ رہا ہوں

مظلوم کی آہوں کا گزر دیکھ رہا ہوں

گو دور بہت باب اثر دیکھ رہا ہوں

مقصد یہ شہیدان وطن کا نہ تھا ہرگز

جو آج شہادت کا ثمر دیکھ رہا ہوں

یوں تو ہے ہر اک جنس گراں ہند میں لیکن

ارزاں ہے فقط خون بشر دیکھ رہا ہوں

غنچوں کے لبوں پر کہاں آثار تبسم

ہر گل کا یہاں چاک جگر دیکھ رہا ہوں

سچ ہے کسی مجبور کی فریاد کو منظرؔ

دیکھا نہیں جاتا ہے مگر دیکھ رہا ہوں

ظلم یاد آئے کبھی ان کے ستم یاد آئے (غزل)

ظلم یاد آئے کبھی ان کے ستم یاد آئے

یہ بجا ہے کہ بہ انداز کرم یاد آئے

پھیر لیں اپنوں نے غیروں کی طرح جب آنکھیں

کس قدر اس گھڑی غیروں کے کرم یاد آئے

نہ ملا جب کسی صورت رہ ہستی کا سراغ

کاروانوں کو مرے نقش قدم یاد آئے

عیش کے دن رہے غیروں کے لئے سب مخصوص

وقت جب سخت پڑا کوئی تو ہم یاد آئے

دیکھ کر غیروں کی بے لوث وفا کو منظرؔ

بے بسی میں ہمیں اپنوں کے ستم یاد آئے