عبدالحمید فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اشک خوں درد کے غماز نظر آتے ہیں (غزل)
اشک خوں درد کے غماز نظر آتے ہیں
فاش ہوتے مرے سب راز نظر آتے ہیں
وسعت دہر میں ہر چشم حقیقت بیں کو
ہر طرف عشق کے اعجاز نظر آتے ہیں
یہ مہ و مہر یہ انجم یہ زمیں اور یہ فلک
میرے روٹھے ہوئے دم ساز نظر آتے ہیں
منتظر اہل نظر کے ہیں یہ غنچے شاید
ہمہ تن گوش بر آواز نظر آتے ہیں
غم جاناں کو بھلا دے گا دلوں سے جیسے
غم دوراں کے یہ انداز نظر آتے ہیں
ساز فطرت پہ لرزتے ہیں جو غمگیں نغمے
کسی غم دیدہ کی آواز نظر آتے ہیں
نت نئے علم و ہنر کے یہ کرشمے فرحتؔ
کسی طوفان کا آغاز نظر آتے ہیں
جو ترے درد کا آزار لئے پھرتے ہیں (غزل)
جو ترے درد کا آزار لئے پھرتے ہیں
مژدۂ طالع بیدار لئے پھرتے ہیں
ہم ہر اک بات کا معیار لیے پھرتے ہیں
مفت کا جان کو آزار لیے پھرتے ہیں
جس کے ہر خار میں کیفیت گل پنہاں ہو
ہم تصور میں وہ گلزار لئے پھرتے ہیں
تجھ سے کس غم کی تمنائے تلافی کرتے
سیکڑوں غم ترے بیمار لیے پھرتے ہیں
زندگی بھر جو نہ آئیں گے زباں پر شاید
دل میں ہم ایسے بھی اسرار لیے پھرتے ہیں
دل میں ہر چند یگانوں کا گلہ ہے لیکن
لب پہ ہم شکوۂ اغیار لیے پھرتے ہیں
دیر سے اس کو تعلق نہ حرم سے نسبت
جو تڑپ تیرے طلب گار لیے پھرتے ہیں
ہم تری بزم میں ہو جاتے ہیں شامل تو مگر
آج تک حسرت گفتار لیے پھرتے ہیں
یہ فضاؤں میں بھٹکتے ہوئے ذرے فرحتؔ
اک نئے دور کے آثار لیے پھرتے ہیں