عبدالحمید بشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں آئینہ دکھاؤں اس سے پہلے بول پڑتے ہیں (غزل)
میں آئینہ دکھاؤں اس سے پہلے بول پڑتے ہیں
خود اپنی ہی صفائی میں یہ چہرے بول پڑتے ہیں
خدا جانے یہ کیسی مصلحت کی قید ہے یارو
کہ جھوٹوں کی حمایت میں بھی سچے بول پڑتے ہیں
چھپا لیتا ہوں منزل سے میں سب دشواریاں لیکن
سفر کا حال ان پیروں کے چھالے بول پڑتے ہیں
انہیں معلوم ہے انجام اپنی لب کشائی کا
مگر فطرت سے ہیں مجبور شیشے بول پڑتے ہیں
تعلق کون رکھتا ہے کسی ناکام سے لیکن
ملے جو کامیابی سارے رشتے بول پڑتے ہیں
مری خوبی پہ رہتے ہیں یہاں اہل زباں خاموش
مرے عیبوں پہ ہو چرچا تو گونگے بول پڑتے ہیں
ممکن نہیں خدا کے اس انعام کے بغیر (غزل)
ممکن نہیں خدا کے اس انعام کے بغیر
ہوتی کہاں ہے شاعری الہام کے بغیر
کچھ اس طرح سے زندگی اس نے بیان کی
جیسے ہو بات میری مرے نام کے بغیر
حاوی محبتوں پہ بھی خود غرضیاں ہوئیں
ملتا کسی سے کون ہے اب کام کے بغیر
کھیلیں بھی آگ سے رہیں محفوظ ہاتھ بھی
آغاز چاہیے تمہیں انجام کے بغیر
کیا قدر روشنی کی اندھیرا اگر نہ ہو
کیا لطف دیں مسرتیں آلام کے بغیر