عباس ممتاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہیں پہ منطق کہیں دلائل ضرور ہوں گے (غزل)
کہیں پہ منطق کہیں دلائل ضرور ہوں گے
رہ جنوں میں سوال حائل ضرور ہوں گے
تھکن کے عالم میں کون بستر کو چھوڑتا ہے
وہ جا رہا ہے تو کچھ مسائل ضرور ہوں گے
تم اپنی ضد پر ڈٹے ہوئے ہو تو پھر یقیں ہے
تمہارے دامن میں کچھ دلائل ضرور ہوں گے
ابھی تو عمر رواں کی پہلی بہار میں ہیں
ابھی تو خوشبو کی اور مائل ضرور ہوں گے
تمہارا لہجہ تمہارے لفظوں سے مختلف ہے
تمہارے لہجے سے لوگ گھائل ضرور ہوں گے
یہ سرخ آنکھیں اداس لے کر کہاں چلے ہو (غزل)
یہ سرخ آنکھیں اداس لے کر کہاں چلے ہو
کہ خواہش بے لباس لے کر کہاں چلے ہو
ہمیں تو درپیش ایک وحشت ہے تم بتاؤ
یہ خشک ہونٹوں پہ پیاس لے کر کہاں چلے ہو
ابھی تو ہم مبتلا ہوئے ہیں فدا ہوئے ہیں
ہمارے ہوش و حواس لے کر کہاں چلے ہو
یہاں عداوت پسند لوگوں کی بھیڑ ہے تم
دل محبت شناس لے کر کہاں چلے ہو
مزید غزلیں از عباس ممتاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں