عازم سردھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
درد دیتی ہے یہ کمی دل کی (غزل)
درد دیتی ہے یہ کمی دل کی
دل میں رکھتے نہیں کبھی دل کی
دل تڑپتا ہے گر نہیں بجھتی
ایسی ہوتی ہے یہ لگی دل کی
غم بہت ہے مجھے بچھڑنے کا
آ گئی آنکھ میں نمی دل کی
کیا گزرتی ہے ایسے لوگوں پر
جن کو حاصل نہیں خوشی دل کی
عشق میں جو کوئی ہوا ناکام
اس کو ملتی ہے بیکلی دل کی
کوئی آیا نہیں ابھی ان میں
سونی سونی ہے ہر گلی دل کی
آپ آتے ہیں جب کبھی ملنے
شام رہتی ہے سرمئی دل کی
تم اگر میرے دل میں بس جاؤ
دور ہو جائے تیرگی دل کی
خود سے ناراض مت کبھی ہونا
بھاری پڑتی ہے دشمنی دل کی
مل گیا ہے سکون مجھ کو اب
بات عازمؔ نے مان لی دل کی
خود کو تنہائی میں چھپایا ہے (غزل)
خود کو تنہائی میں چھپایا ہے
میں نے دل عشق میں گنوایا ہے
ماں نے ڈانٹا مجھے خطا پہ بہت
پھر گلے بعد میں لگایا ہے
نفرتیں بڑھ گئیں بہت ہی مگر
پیار کا گیت ہم نے گایا ہے
ہم نے شکوے گلے کبھی نہ کئے
رشتوں کو اس طرح نبھایا ہے
ہم کو جھانسے میں ہر طرح سے لیا
ایسی دنیا کی موہ مایا ہے
ہر کسی کی نظر نہارے اسے
حسن ایسا ہی اس نے پایا ہے
جان قربان کی وطن کے لیے
فرض عازمؔ نے یوں نبھایا ہے